0
Monday 4 Jan 2021 20:33
سانحہ مچھ کیخلاف لاہور میں آئی ایس او اور ایم ڈبلیو ایم کا دھرنا

پاکستان میں شیعہ نسل کشی بند کی جائے، علامہ عبدالخالق اسدی

شیعہ شناخت پہ قتل و غارت ریاستی رٹ پہ سوالیہ نشان ہے، عارف الجانی
پاکستان میں شیعہ نسل کشی بند کی جائے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مچھ میں شیعہ مزدوروں کے قتل عام کیخلاف مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے بعد مظاہرین نے دھرنا دیدیا۔ احتجاجی مظاہرے میں جوانوں بزرگوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ عبدالخالق اسدی، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی، پیر مقدس کاظمی، لال مہدی خان سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ شیعہ شناخت پر قتل و غارت ریاستی رٹ پہ سوالیہ نشان ہے، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے بتایا جائے کہ آخر شیعہ شناخت پر قتل و غارت کا سلسلہ کیوں نہیں تھم سکا؟ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث سہولت کاروں کو بے نقاب کرکے بلوچستا میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ رہنماوں نے کہا کہ ایک طرف دہشتگردی کیخلاف جنگ کی کامیابی کے دعوے کئے جاتے ہیں تو دوسری طرف آئے روز  محب وطن پاکستانیون کی ٹارگٹ کلنگ ہوتی ہے اور قاتلوں کو سہولت کاروں سمیت بے نقاب نہیں کیا جاتا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ آخر کب تک ہمیں شیعہ شناخت پر قتل کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سیکڑوں جنازے اٹھائے مگر پُرامن احتجاج کیا، ہم نے کسی صورت صبر کا دامن نہیں چھوڑا، لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے سوال کرتے ہیں آخر کیا وجہ ہے کہ محب وطن پاکستانیوں کو شناخت کی بنیاد پر قتل کیا جاتا ہے اور سہولت کاروں کو بے نقاب نہیں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفاد میں تحمل کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مقررین نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان کی تاریخ خون سے سرخ ہے، ہم نے ہمیشہ صبر و استقامت سے ظالمین کا سامنا کیا ہے۔ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں فی الفور دہشت گرد عناصر کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے، تاکہ پاکستان و اسلام دشمن عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔ دھرنے کے شرکاء دہشتگردی بند کرو، اور لبیک یاحسینؑ کے فلک شکاف نعرے لگاتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 908065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش