0
Sunday 7 Feb 2021 16:03

گلگت کرونا سے پاک ہو گیا، ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ

گلگت کرونا سے پاک ہو گیا، ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ گلگت کی ضلعی انتظامیہ نے علاقے کو کرونا سے پاک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں کرونا مریضوں کی تعداد صفر ہوگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر گلگت نوید احمد کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ علاقے میں 31 جنوری کو کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد صفر ہو گئی تھی یعنی نہ کوئی نیا مریض آیا، نہ کوئی فعال کیس بتایا گیا اور نہ ہی ہسپتال میں کوئی مریض موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں روزانہ اوسطا ساڑھے تین سو کے لگ بھگ ٹیسٹ ہوتے ہیں۔ اس سوال کے جواب میں کیا گلگت ضلع سے کرونا مکمل ختم ہو گیا ہے، ان کا دعوی تھا کہ کرونا وائرس تو پوری دنیا میں موجود ہے اور ایسا نہیں کہ کوئی اس وائرس سے متاثر نہیں ہوگا لیکن یہ ضرور ہوا ہے کہ جب سے یہ وائرس آیا ہے گلگت ضلع میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کووڈ 19 کے مریض اب نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کم کرنے میں مدد ملی ہے، ڈپٹی کمشنر ضلع گلگت نے 31 جنوری کی جس رپورٹ کا ذکر کیا اس میں ضلع شگر سے ایک مثبت کیس سامنے آیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں روزانہ مثبت کیس سامنے آنے کی شرح صفر اعشاریہ دو رہی ہے جو انتہائی کم ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع گلگت کے مطابق انہوں نے اس ساری صورتحال کا مشاہدہ کیا اور انکوبیشن پیریڈ جو دس روز تک ہوتا ہے اس دوران وہ مشتبہ مریضوں کا مشاہدہ کرتے رہے اور اس دوران  12 دن تک  ٹیسٹ کرنے کے باوجود کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں حکام کے مطابق 17 فعال کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کووڈ 19 کے بارے میں فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے بتایا کہ اس علاقے میں ضلع گلگت اور ضلع ہنزہ سمیت کچھ اضلاع ایسے ہیں جہاں کرونا کے مریضوں کی تعداد صفر ہو گئی ہے یعنی نہ کوئی فعال کیس رہا نہ ہی ہسپتال میں کوئی داخل ہے اور نہ ہی اوسط ٹیسٹوں کے بعد کسی مریض میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان متعلقہ اضلاع میں جو مریض موجود تھے وہ صحتیاب ہو گئے ہیں یا جو مشتبہ تھے ان میں وائرس ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر اضلاع سے اب بھی وائرس کے متاثرین سامنے آ رہے ہیں اور ایسا نہیں کہ گلگت اور ہنزہ میں وائرس مکمل ختم ہو گیا ہے اور اب وہاں وائرس نہیں آئے گا بلکہ آئندہ اس کے مریض آ بھی سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے تین سو تک ٹیسٹ کیے جاتے ہیں لیکن مثبت کیسز کی شرح کافی کم ہے۔ ڈاکٹر شاہ زمان نے بتایا کہ پورے گلگت بلتستان میں کل فعال کیسز کی تعداد 17 بتائی گئی ہے۔ وفاقی سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کووڈ کے مریضوں کی تعداد سب سے کم رپورٹ ہوئی ہے اور تین فروری کے روز دو کیس رپورٹ ہوئے۔ گلگت میں چار مریض آکسیجن پر ہیں جبکہ کوئی مریض وینٹیلیٹر پر یا آیسولیشن میں نہیں۔
خبر کا کوڈ : 914855
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش