0
Friday 5 Mar 2021 07:30
پی ڈی ایم کا دباؤ اب پنجاب کی طرف بڑھے گا

نون لیگ اور پیپلز پارٹی اکٹھے الیکشن کبھی نہیں لڑیں گے، شیخ رشید

غیر ملکی طاقتیں بلوچستان کے ٹربل میکرز اور ٹی ٹی پی سمیت پاکستان دشمنوں پر پیسہ لگا سکتی ہیں
نون لیگ اور پیپلز پارٹی اکٹھے الیکشن کبھی نہیں لڑیں گے، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اسلام آباد میں میڈیا کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے، ان کے لانگ مارچ کا انتظار کریں گے، میرا قیاس ہے کہ حکومت کو پیسے لینے والے ایم این ایز کے نام پتہ ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن مرکز کی طرف کوئی چڑھائی نہیں کرے گی، پی ڈی ایم کا دباؤ اب پنجاب کی طرف بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے چوہدری برادران عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونگے، وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو ہی پی ٹی آئی کی طرف سے اگلا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ غیر ملکی طاقتیں بلوچستان کے ٹربل میکرز اور ٹی ٹی پی سمیت پاکستان دشمنوں پر پیسہ لگا سکتی ہیں، جس ملک میں پارلیمان کی سطح پر بکنے والا عنصر موجود ہو تو قومی سلامتی پر بڑے سوالیہ نشان آجاتے ہیں۔

دنیا کی بڑی طاقتیں پاکستان میں انتشار اور خلفشا چاہتی ہیں، منتخب نمائندوں کی سطح پر منڈیاں لگیں اور کیش گروپ جیت جائے تو یہ معاشرے کا افسوسناک پہلو ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان میں کرپشن ختم کرنے کا جوش اور ولولہ ہے، حکومت اور اپوزیشن سیکرٹ بیلٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو اپنے اپنے زاویہ سے دیکھ رہی ہیں، نون لیگ سے شین لیگ نکلنے کیلئے ماحول موجود ہے، اسے مزید سازگار ہونا ضروری ہے، پی ٹی آئی کا کوئی ایم این اے نون لیگ کے ٹکٹ کے وعدے پر نہیں بکا ہے، ٹکٹ لینے والے وقت آنے پر پیسے دے کر بھی ٹکٹ لے لیتے ہیں، ان ارکان کو آصف زرداری کے لوگوں نے خریدا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن ابھی دور ہیں، نون لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر الیکشن نہیں لڑیں گی۔

انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو میڈیا اور دوسری جگہوں پر مارجن مل گیا ہے، اسلام آباد میں اپ سیٹ کی وجہ سے بلاول بھٹو کو زیادہ کوریج مل رہی ہے، سینیٹ الیکشن میں ادارے غیر جانبدار رہے ہیں، وزیراعظم کی آج اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کا سینیٹ الیکشن یا اعتماد کے ووٹ سے تعلق نہیں تھا، آرمی چیف جنرل باجوہ اور جنرل فیض ملک کی فکر کرتے ہیں، پاکستان کی عظیم فوج اور ایجنسیوں کے بارے میں باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیئے، اگر پاک فوج نہ ہو تو پاکستان کا حال بھی لیبیا، شام اور لبنان جیسا ہو۔

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں پیپلزپارٹی فائدہ اٹھا رہی ہے، میرا نہیں خیال تھا کہ اتنے زیادہ لوگ بک جائیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم بھی محفوظ ہیں اور عثمان بزدار بھی، امید ہے پرویزالٰہی عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے لانگ مارچ سے پہلے پنجاب کی طرف جائے گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک سیٹ پر آصف زرداری نے پیسوں کا ٹوکرا اس طرح پھینکا کہ ہمیں شکست ہوگئی، رات کو زرداری اور فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ادارے نیوٹرل رہے، ادارے ہر وقت متحرک ہوتے ہیں۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی اکٹھے الیکشن کبھی نہیں لڑیں گے، لوگوں کو آصف زرداری نے خریدا ہے، مجھے پورا یقین ہے، ووٹوں کی خرید و فروخت ایک شخص نے کی ہے، ان کا نام آصف زرداری ہے۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ لڑائی آصف زرداری نے لڑی ہے، نون لیگ ویسے ہی خوش ہو رہی ہے، نون سے شین نکلنے کے لیے ماحول موجود ہے، دونوں پارٹیاں اپنے اپنے زاویئے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو دیکھ رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 919741
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش