0
Sunday 7 Mar 2021 21:50

پاک چین سرحد بند ہونے سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے، ذوالفقار علی

پاک چین سرحد بند ہونے سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے، ذوالفقار علی
اسلام ٹائمز۔ پاک چائنا ٹریڈ ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صدر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے باعث پاک چین سرحد بند ہونے کی وجہ سے نہ صرف گلگت بلتستان و پاکستان کے تاجر دیوالیہ ہو گئے ہیں بلکہ سوست ڈرائی پورٹ پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بھی بے روزگار ہوگئے ہیں، اب کرونا وائرس دونوں ممالک میں کنٹرول ہو گیا ہے اس لئے خنجراب بارڈر دونوں ممالک کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت یکم اپریل سے 31 دسمبر تک ایس او پیز کے تحت تجارت کے لئے کھول دیا جائے بصورت دیگر گلگت بلتستان کے تاجر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے نمائندہ تاجروں کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کرونا وبا کے باعث پاک چین سرحد تجارت کے لئے بند کر دی گئی تھی، جس کی وجہ سے نہ صرف گلگت بلتستان کے تاجر دیوالیہ ہو گئے ہیں بلکہ سوست ڈرائی پورٹ پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بھی بے روزگار ہو گئے ہیں، حتیٰ کہ سوست میں کام کرنے والے کاروباری حضرات اور ہوٹل مالکان بھی دیوالیہ ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تاجر بینکوں سے قرضے لے کر کاروبار کرتے ہیں، پاک چین سرحد بند ہونے کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا مگر تاجر بینکوں کا منافع دینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس نہ صرف چین میں کنٹرول ہو گیا ہے بلکہ پاکستان میں بھی کنٹرول ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاک چین سرحد کے دونوں جانب کے علاقے کرونا فری علاقے بن گئے ہیں، سرحد کھولنے کی صورت میں کرونا وائرس پھیلنے کا بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی معیشت کا دار و مدار پاک چین تجارت پر ہے اور پاک چین سرحد پر ہونے والی تجارت سے ہی گلگت بلتستان کے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ اس لئے ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرونا ایس او پیز کے تحت پاک چین سرحد کو یکم اپریل سے 31 دسمبر تک تجارت کے لئے کھولا جائے بصورت دیگر گلگت بلتستان کے تاجر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید، فورس کمانڈر گلگت بلتستان، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور پاک چین سرحد یکم اپریل سے کھولنے کے لئے اقدامات کریں۔
خبر کا کوڈ : 920193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش