0
Saturday 13 Mar 2021 19:23

سندھ میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف

سندھ میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ سندھ میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو فرنٹ لائن ورکرز ظاہر کرکے کورونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف ہوا، لوگوں کو ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل عملہ اور ایمبولینس ڈرائیور ظاہر کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں اہم شخصیات اور بااثر افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف سامنے آیا، کراچی میں بااثر افراد کو فرنٹ لائن ورکرز ظاہر کرکے کورونا ویکسین لگائی جارہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کیلئے لوگوں کو ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل عملہ اور ایمبولینس ڈرائیور ظاہر کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب مارچ کے 12 روز میں کراچی میں 1298 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 83 افراد کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ افراد ضلع شرقی میں 574 کورونا وائرس کا شکار ہوئے، دوسرے نمبر پر ضلع جنوبی میں 235 افراد اور ضلع وسطی تیسرے نمبر پر رہا جہاں 158 افراد کورونا کا شکار ہوئے۔ کورنگی میں 133، ملیر میں 126 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ سب سے کم ضلع غربی میں 72 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع شرقی میں 34 رپورٹ ہوئیں، ضلع وسطی میں 27، ضلع جنوبی میں 16 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے جبکہ ضلع ضلع غربی میں 3، کورنگی میں 2 اور ضلع ملیر میں 1 فرد کورونا سے انتقال کرگیا۔ یاد رہے  سندھ میں دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن جاری ہے، چند روز قبل صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا ویکسین لگوائی تھی۔ خیال رہے پاکستان میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن جاری ہے، ویکسین لگوانے کے خواہش مند افراد آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 921342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش