0
Tuesday 23 Mar 2021 17:40

آج ہمیں اپنے کشمیری و فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ

آج ہمیں اپنے کشمیری و فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا یوم پاکستان کے موقع پر کہنا ہے کہ قائد اعظمؒ نے بھی کشمیر کو شہ رگ کہا، ہم اس کے بغیر نہیں رہ سکتے، اس دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے مزار قائد پر حاضری دی گئی، اس دوران سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استقبال بھی کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، مراد علی شاہ اور عمران اسماعیل کی جانب سے  مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے گئے۔ یوم پاکستان پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں نے قربانیوں، جدوجہد اور جذبے سے قائم کیا، قرارداد پاکستان مسلمانوں کے لئے ایک الگ مملکت کے قیام کی بنیاد بنی، پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو یکساں آزادی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی حفاظت اور اس کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرنا چاہیئے، اقوام متحدہ نے فلسطینی عوام کے لئے بھی قرارداد منظور کی، ہمیں اپنے فلسطینی بھائیوں کو بھی آج کے دن یاد رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مواقع کے علاوہ بھی گورنر سے ملاقات ہوتی رہتی ہیں، شہر میں بارشوں کے بعد مسائل ہوئے تھے، ہم نے ان کے حل کے لئے لبیک کہا، کراچی کمیٹی کی میٹنگز بھی ہوتی رہتی ہیں، ہم وفاق سے ملتے رہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے مزید کہا کہ وفاق کو کہا گیا ہے کہ اسپتالوں کے لئے سپریم کورٹ نے طریقہ کار بتائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ وفاق وہ اسپتال صوبے کو دے سکتے ہے، ہم نے وفاق کو کہا تھا جو طریقہ کار بتائے گئے ہیں اس پر عمل کریں، وفاق نے خود کہا کہ صوبہ اچھے سے ان اسپتالوں کو چلا رہا ہے، وفاق نے کہا تھا کہ ہم تو پمز بھی نہیں چلاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ اس پر نظرثانی کریں، افسران سے متعلق پالیسی موجود ہے، وفاق اس پالیسی پر فیصلہ کرے، یہ ہیڈ ماسٹر ہم نے خود رکھے تھے آئی بی اے کے تحت، کورٹ نے پبلک سروس کمیشن کی پابندی لگا دی تھی، یہ ہیڈ ماسٹر نہ وہ امتحان دے رہے ہیں نہ ہی بچوں کو پڑھا رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم ان سے ملتے ہیں میں بھی مل لوں گا، مگر ان کو قانون دیکھنا ہوگا، بلدیاتی الیکشن کے لئے حلقہ بندی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان صاحب کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ان کے لئے دعاگو ہیں۔

دوسری جانب عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی خواہش ہوتی ہے کہ میڈیا کے بغیر ملیں، میں وزیراعلیٰ کو کہتا ہوں کہ ہمیں میڈیا کو آگاہ کرنا چاہیئے۔ عمران اسماعیل نے اسپتالوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات تھے کہ یہ اسپتال وفاق چلائے، مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں میں کوئی بہت بڑی دوری نہیں ہے، پی ڈی ایم کے معاملے پر کچھ دوریاں پیدا ہوئیں تھی، کچھ تحفظات وفاق اور صوبے کو ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کے یوم پاکستان کے موقع پر ہم سب مل کر تجدید عہد وفا اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور حفاظت کے لئے ایک منزل ایک قوم کی طرح آبیاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تمام حقوق حاصل ہیں، ہماری پارلیمان میں بھی ان کا اتنا ہی حصہ ہے جتنا دیگر کا ہے اور انہیں بولنے کی بھی اتنی آزادی حاصل ہے جتنا کہ کسی اور کو حاصل ہے، ہم بھرپور کوشش کررہے ہیں اور انشاءاللہ آنے والا وقت یہ ثابت کرے گا کہ قائداعظم نے جس پاکستان کا تصور پیش کیا تھا وہ بالکل درست تھا، اگر ہم ہندوستان کے حالات کو دیکھیں تو یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا دو قومی نظریہ بالکل درست تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی لیڈر شپ قائد کے نقش قدم پر پاکستان کو لے کر جارہی ہے، اس میں مشکلات اور دقتیں ہیں لیکن انشاء اللہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے اور ہمارا وطن عزیز وہی عظیم پاکستان بنے گا جس کا تصور قائد اعظم ؒ نے دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 923033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش