0
Friday 19 Aug 2011 22:25

کراچی کو ایک ماہ کیلئے فوج کے حوالے کر دیا جائے، امن و امان کیلئے ہوم لینڈ سکیورٹی طرز کا ادارہ بنایا جائے، سنی اتحاد کونسل

کراچی کو ایک ماہ کیلئے فوج کے حوالے کر دیا جائے، امن و امان کیلئے ہوم لینڈ سکیورٹی طرز کا ادارہ بنایا جائے، سنی اتحاد کونسل
لاہور:اسلام ٹائمز۔سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے نے کراچی کی المناک صورتحال پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو تفصیلی خط فیکس کر دیا ہے۔ خط میں وزیراعظم سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں خونریزی کی المناک صورتحال خطرے کی حدوں کو چھونے لگی ہے۔ اس لیے اب کراچی کے دو کروڑ انسانوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہو گیا ہے کہ کراچی کو ایک ماہ کے لیے فوج کے حوالے کر دیا جائے اور فوج تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ نگرانی میں بے رحم آپریشن کے ذریعے کراچی کو قانون شکن عناصر اور ناجائز اسلحہ سے ہمیشہ کے لیے پاک کر دے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے اپنے خط میں تجاویز دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وزیراعظم ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہوں کو کراچی میں آنے اور وہاں مسلسل 15روز قیام کرنے پر مجبور کریں اور تمام سیاسی و مذہبی قیادت کراچی کے شہداء کے لواحقین سے یکجہتی کے اظہار کے لیے عید بھی کراچی میں ہی منائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے اپنی تجاویز میں کہا ہے کہ اسلحہ کے تمام لائسنس منسوخ کیے جائیں اور ریاستی اداروں کے سوا کسی کو اسلحہ رکھنے کی اجازت نہ دی جائے، نیز غیرقانونی اسلحہ کے حوالے سے سخت ترین قوانین بنائے جائیں جو سیاسی اثرات سے بالاتر ہو کر پوری قوت سے نافذ کیے جائیں۔
کراچی میں ہونے والی قتل و غارت اور سرکاری زمینوں پر کیے جانے والے قبضوں کی چھان بین کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جو کم سے کم وقت میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے، مجرموں کو بےنقاب کرنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی نگرانی کا پابند ہو۔ کراچی میں نوگو ایریاز ختم کیے جائیں اور ہر شخص کو ہر علاقہ میں آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت دی جائے۔ سیاسی جماعتوں کے اندر موجود جرائم پیشہ عناصر کو ریاستی گرفت میں لایا جائے اور لسانی بنیادوں پر علاقوں کی تقسیم کا عمل سختی سے روکا جائے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے انتظامی اداروں خاص طور پر پولیس اور رینجرز میں سیاسی بنیادوں پر تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی لگائی جائے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے تجویز دی ہے کہ ملک میں امن و امان کے لیے ’’ہوم لینڈ سکیورٹی‘‘ طرز کا مستقل ادارہ قائم کیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں میں باہمی رابطہ موثر بنا کر ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے اے این پی، ایم کیو ایم اور پی پی پی کی قیادت سے ملک اور قوم کے نام پر ہاتھ جوڑ کر اپیل کی ہے کہ وہ کراچی میں سیاسی بالادستی کی جنگ ختم کر دیں اور خانہ جنگی کے بھڑکتے شعلوں کو بجھانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں اور اسلحہ کی سیاست کو خیرباد کہہ دیں۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ کراچی کی قتل و غارت گری سیاسی و لسانی انتہاپسندی ہے جو کہ مذہبی انتہاپسندی سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ اس لیے اس کے خاتمے کے لیے تمام طبقات اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ 
خبر کا کوڈ : 93100
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش