0
Tuesday 25 May 2021 18:22

نظام مصطفے پارٹی کا “فلسطین حمایت مہم“ چلانے کا اعلان

نظام مصطفے پارٹی کا “فلسطین حمایت مہم“ چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ نظام مصطفے پارٹی “ فلسطین حمایت مہم “ چلائے گی۔ اس سلسلہ میں اسلام آباد میں مختلف ممالک کے سفیروں سے نظام مصطفے پارٹی کا وفد ملاقات کرے گا اور مسلم حکمرانوں کو خطوط لکھ کر مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ فلسطین حمایت مہم کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لاہور، سیالکوٹ، اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک بھر میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور القدس ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ اس بات کا فیصلہ لاہور میں میاں سعید ڈیرے والا کی رہائش گاہ پر منعقدہ نظام مصطفے پارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت نظام مصطفے پارٹی کے چیئرمین، سابق وفاقی وزیر الحاج ڈاکٹر محمد حنیف طیب نے کی جبکہ پارٹی کے مرکزی صدر، سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ نے خصوصی خطاب کیا۔

اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ اگلے تین ماہ کے دوران ملک بھر میں ضلعی سطح پر نظام مصطفے پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کی جائے گی اور اکتوبر میں ملک گیر کنونشن منعقد کیا جائے گا، نظام مصطفے پارٹی وقف املاک آرڈیننس کیخلاف بہت جلد دینی و سیاسی جماعتوں کی اے پی سی منعقد کرے گی۔ اس دین دشمن آرڈیننس کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔ اجلاس میں معین الحق علوی کو پارٹی کا میڈیا کوآرڈینیٹر نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نظام مصطفے پارٹی کے چیئرمین، سابق وفاقی وزیر الحاج محمد حنیف طیب نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کا مجرم ہے، اسرائیلی حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے، غزہ میں بین الاقوامی حفاظتی فوج تعینات کی جائے، اقوام متحدہ غزہ میں انسانی ایمرجنسی کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، مسلم حکمران مصلحتیں چھوڑ کر مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں مشترکہ آواز اٹھائیں، مسئلہ فلسطین کے ایجنڈے پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلا کر مسترکہ لائحہ عمل بنایا جائے۔ نظام مصطفے پارٹی کے مرکزی صدر میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ فلسطینیوں کو اسرائیلی جارحیت سے نجات دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، قبلہ اوّل پر یہودیوں کا قبضہ امت مسلمہ کی غیرت کیلئے عظیم چیلنج ہے۔ ستر سال گزرنے کے باوجود مسئلہ فلسطین حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے، انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیداروں کی اسرائیلی دہشتگردی پر خاموشی شرمناک ہے۔ اسرائیل نے فلسطینی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت کمرتوڑ مہنگائی کے خاتمے کیلئے ہنگامی اور انقلابی اقدامات کرے۔ وقف املاک آرڈیننس واپس لیا جائے۔ ملک کو ریاست مدینہ کا عکس بنانے کیلئے نظام مصطفے عملاً نافذ کیا جائے۔ حکومت پچاس ہزار گھروں اور ایک لاکھ نوکریوں کی فراہمی کا وعدہ پورا کرے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ ملک میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 934456
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش