0
Tuesday 25 May 2021 23:52

اسٹبلشمنٹ کی پشت پناہی میں بنائے گئے مدرسہ بورڈز کو ناکام بنائیں گے، فضل الرحمان

اسٹبلشمنٹ کی پشت پناہی میں بنائے گئے مدرسہ بورڈز کو ناکام بنائیں گے، فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی میں بنائے گئے بورڈ کو ماڈل مدرسہ کی طرز پر ناکام بنائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 29 مئی کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس طلب کر لیا گیا، پی ڈی ایم کو بھرپور عوامی قوت کیساتھ متحرک کیا جائے گا، تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار اور ناجائز ہے، جس نے تین سال میں ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے، غریب عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرا کر انکی کمر توڑ دی گئی ہے، سوچے سمجھے نظریہ کے تحت مغرب کی ننگی تہذیب فروغ دیکر معاشرے کے حسن پر بدنما دھبہ لگایا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قیام امن کے دعوے ہوا ہوگئے، فاٹا میں نیا نظام ناکام ثابت ہوا، وہاں سے بدامنی پورے ملک میں سرایت کر رہی ہے، قبائل کے درمیان مسلح لڑائیوں نے عام آدمی کا سکون چھین لیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی وقف املاک ایکٹ کو قرآن و سنت کے منافی قرار دیتے ہوئی مسترد کرتی ہے، متروکہ وقف قانون کو واپس لیکر شرعی حیثیت کے تعین کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل بھیجا جائے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ نئے بورڈز کی منظوری دیکر مدارس کے نظم و نصاب کو توڑنے کی بھونڈی کوشش کی گئی، جے یو آئی سے منسلک کوئی مدرسہ کسی سرکاری بورڈ میں شمولیت اختیار نہیں کرے گا، جے یو آئی وفاق المدارس العربیہ کو مضبوط کرے گی، اسٹبلشمنٹ کی پشت پناہی میں بنائے گئے بورڈ کو ماڈل مدرسہ بورڈ کی طرز پر ناکام بنائیں گے، ملک گیر سطح پر مدارس کنونشن بلائے جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ امریکہ کو ہوائی اڈے دینا ملکی آزادی کیلئے خطرہ ہے، ایسا فیصلہ 2001 میں بھی کیا گیا تھا تاکہ امریکہ افغانستان میں طالبان کیخلاف استعمال کر سکے، پاکستان کی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال ہونا ملک کو جنگ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے دوحہ معاہدے میں غیرملکی فوج کا انخلاء منوا لیا تھا، پہلے بھی ریاستی سطح پر فریق بن کر جنگ کے شعلے اپنے ملک لائے جو آج تک بجھائے نہیں جا سکے، دوبارہ پاکستانی ہوائی اڈے دینا ملکی مفاد کیخلاف اور جنگ کو دعوت دینا ہے، ہماری زمین اور فضائیں کسی کیخلاف استعمال کرنے کی منظوری نہ دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 934508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش