0
Friday 18 Jun 2021 22:11

دیامر کے جنگلات اور پلوں کو آگ لگانے کے واقعات ڈیم کیخلاف سازش ہیں، پیپلزپارٹی

دیامر کے جنگلات اور پلوں کو آگ لگانے کے واقعات ڈیم کیخلاف سازش ہیں، پیپلزپارٹی
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی قائدین نے کہا ہے کہ دیامر کے جنگلات میں پے درپے آتشزدگی کے واقعات اور پلوں کو جلانے کا واقعہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کیخلاف سازش لگتا ہے، ان واقعات میں ملوث کوئی بھی ملزم ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکا، حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، بشیر احمد، جمیل احمد، سعدیہ دانش اور انجینئر اسماعیل نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرے۔ جنگلات کو جلانے کے واقعات پر صوبائی حکومت مکمل خاموش ہے۔ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت کے اچھے کاموں کو سراہا ہے۔ جہاں وہ غلط کام کرے گی تو ہم مخالفت بھی کریں گے۔ ہم نے حکومت کو کہا ہے کہ حافظ حفیظ الرحمٰن بننے کی کوشش نہ کرے۔ حفیظ سرکار نے پوری اے ڈی پی جگلوٹ پر خرچ کر دی اور جگلوٹ نے ہی انہیں ووٹ نہیں دیا۔

نیوز کانفرنس سے سابق صوبائی وزیر تعمیرات محمد بشیر نے کہا کہ پانچ روز میں پانچ جنگلات کو آگ لگانا بڑی سازش ہے۔ جنگلات کے تحفظ کیلئے ایف سی کی تعیناتی کی ہماری جماعت نے سب سے زیادہ مخالفت کی تھی۔ مقامی افراد کے مطابق کروڑوں مالیت کے جنگلات جل کر راکھ بن گئے ہیں۔ حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئے۔ بشیر احمد کا مزید کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے بے روزگار  نوجوانوں کو جنگلات کے تحفظ کیلئے سرکاری ملازم بھرتی کیا جائے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا کہ اشکومن چٹورکھنڈ میں بچی کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ حکومت اور عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کیسز کو ٹیسٹ کیسز کے طور پر لیا جائے۔ زینب قتل کیس کی طرح ملوث مجرمان کو سزا دی جائے۔ سعدیہ دانش نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سعدیہ دانش کا مزید کہنا ہے کہ جب تک اس واقعے کے اصل چہرے بے نقاب نہیں ہوتے خاموش نہیں رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 938756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش