0
Friday 27 Aug 2021 16:15

کراچی، فیکٹری میں آگ لگنے سے 2 سگے بھائیوں سمیت 16 مزدور جاں بحق

کراچی، فیکٹری میں آگ لگنے سے 2 سگے بھائیوں سمیت 16 مزدور جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں فیکٹری میں لگنے والی آگ نے تباہی پھیلا دی، سانحہ میں دو سگے بھائیوں سمیت 16 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں قائم فیکٹری میں آگ لگ گئی، آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ تیسرے درجے کی آگ بجھانے کیلئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے تھے، ہر طرف افراتفری کا عالم تھا، کافی دیر کی کوششوں کے بعد کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ بجھا دی گئی، فیکڑی میں کولنگ کا عمل اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی تھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی، فیکٹری میں دھویں کے باعث امدادی کارکنان کا اندر جانا ممکن نہیں تھا، ایک فائر فائٹر بھی کارروائی کے دوران عمارت سے گرنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فیکڑی سے نکلنے کا ایک ہی راستہ تھا، جبکہ فیکٹری کی چھت تک جانے والے دروازوں پر تالے تھے، فیکٹری میں پھنسے مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائیوں سمیت 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ واضح رہے کہ متاثرہ فیکٹری میں کیمیکل سے چپلوں کو جوڑا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مالی مدد کرنے اور  زخمیوں کی  علاج کرانے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 950683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش