0
Wednesday 8 Sep 2021 11:09

جماعت اسلامی پاکستان کا مسرت عالم بٹ کی چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس تقرری کا خیرمقدم

جماعت اسلامی پاکستان کا مسرت عالم بٹ کی چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس تقرری کا خیرمقدم
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے محبوس کشمیری لیڈر مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک ترین مرحلے میں اپنے قائدانہ کردار سے تحریک میں ایک نیا جوش پیدا کرکے اس کو منزل کے حصول تک لے جانے میں کامیاب ہونگے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مسرت عالم بٹ کی تحریک آزادی کیلئے گرانقدر خدمات ہیں اور وہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے مظلوم کشمیری عوام میں بے پناہ مقبول ہیں جنھوں نے ہر مشکل وقت میں اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور ڈٹ کر بھارتی ظلم و تشدد کا مقابلہ کرتے رہے۔

قیصر شریف کا کہنا تھاکہ بھارتی ظالمانہ ہتھکنڈے ان کی جدوجہد آزادی میں کسی طرح سے رکاوٹ نہیں بن سکے اور وہ کشمیریوں کے کارروان آزادی کو آگے لے جانے میں پیش پیش رہے، اپنے قائد سید علی گیلانی کیساتھ ساتھ تحریک کی قیادت کرتے رہے، ان کی بہادری، لازوال قربانیوں اور بے پناہ صلاحیتیوں کے باعث بابائے حریت سید علی گیلانی نے اپنی ہی زندگی میں شہید اشرف صحرائی کے بعد ان کو اپنے جانشین کے طور پر انتخاب کیا تھا۔ قیصر شریف نے کہاکہ بابائے حریت سید علی گیلانی کی رحلت کے بعد کشمیریوں کی تحریک میں جو  خلا پیدا ہوا ہے، اگرچہ اس خلاء کو پُر کرنا مشکل ہے تاہم امید ہے کہ مسرت عالم اپنے جذبہ آزادی، نئے حوصلے اور ولولے کیساتھ اس کمی کو پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نو منتخب چیئرمین مسرت عالم کے قید و بند میں ہونے کے باوجود کارروان آزادی کو ایک نیا جوش اور نیا عزم پیدا ہوگا۔ انہوں نے ان کے انتخاب کے فیصلے کو بروقت اور صحیح سمت میں قرار دیتے ہوئے دعا کی ہے اللہ تعالی اس فیصلے کو کشمیری عوام کی بھارتی جابرانہ تسلط سے جلد باعث آزادی ثابت کریں۔ قیصر شریف نے کہا کہ بھارت کی سات لاکھ قابض فوج کی موجودگی میں کشمیری عوام اس وقت جن مشکلات سے دوچار ہیں ان حالات میں وقت کا تقاضا ہے کہ کشمیری  قیادت آپس میں متحد ہو جائے۔ انہوں نے کہا حریت فورم اور حریت کانفرنس کو ایک ہی پلیٹ فورم پر اکٹھا ہو کر تحریک آزادی کشمیر کو آگے لے جانے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں بار آور ثابت ہو کر کشمیرمیں جلد آزادی کا سورج طلوع ہو سکے۔

انہوں نے مسرت عالم کی بحیثیت چیئرمین حریت کانفرنس کی تقرری پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر حال میں حمایت جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 952778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش