0
Sunday 19 Sep 2021 00:16

مدرسہ طالبہ زیادتی کیس، معلمہ کی ضمانت منظور

مدرسہ طالبہ زیادتی کیس، معلمہ کی ضمانت منظور
اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی کے جامعہ طوبیٰ ضیاء البنات کی طالبہ سے زیادتی کیس میں مدرسے کی معلمہ کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ملک اعجاز آصف نے دینی مدرسہ جامعہ طوبیٰ ضیاء البنات کی 16 سالہ طالبہ مسماة مسکان نثار کے ساتھ مبینہ زیادتی کیس میں شریک ملزمہ خاتون ٹیچر عشرت حنیف کی ضمانت منظور کرلی ہے، عدالت نے ملزمہ کو ایک لاکھ روپے مالیت کا ضمانتی مچلکہ جمع کرانیکا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزمہ نے تفتیش میں مکمل تعاون کیا، اس لئے اسے جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں، ملزمہ کا پولی گرافی ٹیسٹ بھی ہوچکا، خاتون ہونے کے ناطے بھی ملزمہ ضمانت کی حق دار ہے، عدالتی فیصلے کے بعد ملزمہ کے ضمانتی مچلکے بھی عدالت میں جمع کرا دیئے گئے، جنہیں عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالتی فیصلہ کے وقت متاثرہ طالبہ کمرہ عدالت موجود نہیں تھی جبکہ تفتیشی ٹیم کو بھی عدالتی فیصلہ کی نقل فراہم کر دی گئی ہے۔

ملزمان کے وکیل طلعت محمود زیدی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ضمانت کی منظوری سے ہمارا موقف درست تسلیم کر لیا گیا ہے، مرکزی ملزم پرنسپل مفتی شاہ نواز کی پیر20 ستمبر کو ضمانت درخواست دائر کی جارہی ہے ہمیں عدالت سے انصاف کی توقع ہے، پولی گرافی فرانزک ٹیسٹ کی رپورٹ آئندہ جمعہ25 ستمبر تک موصول ہونے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ تھانہ پیرودھائی پولیس نے متاثرہ طالبہ اور اس کی والدہ کی درخواست پر زیادتی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کیا تھا، کیس میں مرکزی ملزم پرنسپل مفتی شاہ نواز بھی جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل قید ہے۔
خبر کا کوڈ : 954562
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش