0
Thursday 1 Sep 2011 01:42

کراچی کو خونیں دلدل سے نکالنے اور ملک بھر میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کیے جائیں، ٹی این ایف جے

کراچی کو خونیں دلدل سے نکالنے اور ملک بھر میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کیے جائیں، ٹی این ایف جے
راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی و ذیلی شعبہ جات کا اہم اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری کی صدارت میں ہیڈکوارٹر مکتب تشیع میں منعقد ہوا جس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور تحریک کی جانب سے ہونے والے پروگراموں اور تنظیمی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 27 رمضان المبارک قمری تقویم کے لحاظ سے یوم پاکستان بھی ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس سال بھی پاکستان کو آفات و بلیات اور دہشت گردی کے سانحات سے دوچار ہونا پڑا جو قومی المیہ ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز چترال میں اسکاؤٹس پر حملے اور کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کوئی دن دہشتگردی سے خالی نہیں، کراچی کو خونیں دلدل میں پھنسا دیا گیا ہے، ٹارگٹ کلنگ روزہ مرہ کا معمول بن چکا ہے، کوئی شہر اور کوئی شخص محفوظ نہیں، ہر کوئی گریہ کناں اور آواز استغاثہ بلند کررہا ہے لیکن کوئی پرسانِ حال نہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ میڈیا کی آواز پر کوئی کان نہیں دھرتا لہذا قوم کی آخری امید عدلیہ اور عسا کر پاکستان ہیں جنہیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے چاند پر اختلاف افسوسناک تھا لہذا اب عید الفطر کے موقع پر رویت ہلال کا فیصلہ متفقہ اور بروقت ہونا چاہیئے، اس ضمن میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پورے ملک بالخصوص کراچی میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے آہنی اقدامات کرے، عیدالفطر کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور عوام ماہ صیام کی طرح عیدالفطر کے مبارک موقع پر باہمی اتحاد و اخوت کا عملی مظاہرہ کریں، خود بھی پوری طرح چوکنا رہ کر شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں، عصبیتوں کو ہر سطح پر کنڈم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 95786
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش