0
Tuesday 30 Nov 2021 21:30

دفعہ 370 کی بحالی آنے والی نسلوں سے جُڑی ہوئی ہے، عمر عبداللہ

دفعہ 370 کی بحالی آنے والی نسلوں سے جُڑی ہوئی ہے، عمر عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبدﷲ نے کہا کہ ہمارا سب کچھ دفعہ 370 کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور ہم اس کی بحالی کے لئے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کی جانب سے 370 پر دیا گیا بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہم سے 5 اگست 2019ء کو چھینا گیا ہم اس کو واپس حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔ عمر عبداللہ کشتواڑ میں عوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 370 کی بحالی کا معاملہ جموں و کشمیر کی آنے نسلوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے، لہٰذا اس کی بحالی کی خاطر کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ آنجہانی سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے وقت جموں و کشمیر میں دفعہ 370 لاگو کیا گیا لہٰذا کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کو اس پر لب کشائی نہیں کرنی چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370 تو کانگریس کی وراثت ہے، یہ تو ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی حکومت میں معرض وجود میں آیا تھا۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ ابھی تک عدالتِ عظمٰی کا فیصلہ آنا باقی ہے تو غلام نبی آزاد کس بنیاد پر پہلے ہی فیصلہ سُنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 نہرو کی بدولت آیا اور کانگریس لیڈر اپنی وراثت بچانے کے لئے تیار نہیں تو دوسروں کو کیا بچا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے سے قبل ہی کانگریس نے فیصلہ کرلیا ہے، جسے لگتا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی ہار مان لی ہے۔ عمر عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس قانون کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 370 کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس نے عدالت عظمٰی میں عرضی دائر کی ہے اور ہمارا کیس کافی مضبوط ہے۔
خبر کا کوڈ : 966210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش