0
Tuesday 21 Dec 2021 22:44

حکومتی غلط فیصلوں کیوجہ سے اسی ہزار شہداء کے وارث مایوس ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

حکومتی غلط فیصلوں کیوجہ سے اسی ہزار شہداء کے وارث مایوس ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے شہداد کوٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کی تیاری کے لئے ضلعی سطح تک پارٹی ذمہ داران کی رہنمائی کی گئی ہے، جو اضلاع کی سطح پر بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ ان بلدیاتی انتخابات میں ہم بہتر حکمت عملی سے وارد ہوں گے، صوبہ سندھ میں ہمارا ووٹ بینک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سندھ میں اکثریت پیپلز پارٹی کی ہے لیکن پنجاب سمیت مختلف صوبوں میں کامیابی کے لیے اسے ہمارے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی اور صوبائی حکومت میں ہماری نمائندگی موجود ہے، جہاں ہم سیاحت کو فروغ دے کر مقامی لوگوں کے روزگار میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہاں کے لوگوں کی طرف سے اس کی بہت زیادہ مانگ ہے کہ جی بی کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے اور انہیں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھرپور نمائندگی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں انہیں برابر کا شہری تسلیم کرتے ہوئے وفاقی اداروں میں متناسب نمائندگی دی جائے، ہم نے ملک میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں سب سے زیادہ جانی نقصان اٹھایا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ ہو لیکن وفاقی حکومت کا کردار اس حوالے سے مایوس کن ہے۔ پنجاب میں حال ہی میں ایک مذہبی جماعت کے سامنے گھٹنے ٹیکنا اور کالعدم دہشتگرد تنظیم کو عام معافی کا راستہ دکھانا ایک انتہائی غلط اقدام ہے، جس سے پورے ملک کے عوام پریشان ہیں۔ غلط فیصلوں کی وجہ سے اسی ہزار شہداء کے وارث مایوس ہیں دہشت گردی کا شکار ہونے والے وارثان شہداء اپنے پیاروں کے قاتل دہشتگردوں کو تختہ دار پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی عرب میں فحاشی عریانی اور رقص و سرود کی محفلیں سجا کر دین اسلام کے احکامات کو پامال کیا جا رہا ہے۔ جب کہ آل سعود کا یمن پر حملہ اور مظلوموں کا قتل عام افسوسناک اقدام ہے۔ اس قسم کی حکمرانی زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔
خبر کا کوڈ : 969629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش