0
Sunday 26 Dec 2021 18:31

ملک میں بحرانی صورتحال، وزیراعظم عمران خان کو ہٹاکر قبل از وقت انتخابات کروائے جائیں، نثار کھوڑو

ملک میں بحرانی صورتحال، وزیراعظم عمران خان کو ہٹاکر قبل از وقت انتخابات کروائے جائیں، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 18 اکتوبر اور 27 دسمبر کے سانحات کو ایک ہی سازش کی کڑی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ 18 اکتوبر کارساز ریلی رات 12 بجے سے قبل ختم ہونے کا پیشگی دعوی کرنے والے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور سانحہ 18 اکتوبر اور سانحہ 27 دسمبر کے شواہد مٹانے کے جرم میں آمر پرویز مشرف کو شامل تفتیش کیا جائے۔ لاڑکانہ میں سر شاہنواز بھٹو لائبریری میں شہید بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یاد بینظیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں قراردادیں منظور کرتے ہوئے کہا گیا کہ کانفرنس نے ملک میں بحرانی صورتحال، معاشی تباہی اور مہنگائی کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کو قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ملک میں بحرانی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کو ہٹا کر ملک میں قبل از وقت انتخابات کروائے جائیں۔ اس موقع پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حق حاکمیت اور عوام کی آواز کو ختم کرنے کے لئے شہید بھٹو کو جھوٹے مقدمے میں زبردستی فیصلہ دے کر پھانسی پر چڑھایا گیا اور شہید بینظیر کو نشانہ بنا گیا جو بے گناہ قتل ہوئیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے نواز شریف کے متعلق بیان  سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ سلیکٹڈ اور بے بس ہیں، وزیراعظم ایسی باتیں کرکے کس سے شکوہ کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نواز شریف کو وزیراعظم بنائے جانے کے بیان کے بعد قوم کو کھل کر بتائیں کہ  کس کی کس کے ساتھ کیا ڈیل ہورہی ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ووٹ پر یقین رکھنے کی باتیں کرنے والے اگر ڈیل کرینگے تو وہ سیاسی طور پر کمزور ہونگے اور عوام میں اعتماد کھو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، ملک میں اس وقت غیر سیاسی حکمران مسلط ہیں جن کو کوئی سوجھ بوجھ نہیں اور نہ ہی ان میں ملک چلانے کی صلاحیت ہے، سیاسی قوتیں ہی ملک کو بہتری کی سمت میں لے کر جا سکتی ہیں، اس لئے وزیراعظم عمران خان کو ہٹا کر ملک میں قبل از وقت انتخابات کرائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 970417
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش