0
Wednesday 29 Dec 2021 23:07

جماعت اسلامی کا بجلی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف جمعہ کو خیبر پختونخوا بھر میں احتجاج کا اعلان

جماعت اسلامی کا بجلی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف جمعہ کو خیبر پختونخوا بھر میں احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ناروا اور ناجائز ٹیکس کے خلاف جمعہ کے روز 31 دسمبر 2021ء کو صوبہ بھر کے ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوآرٹرز پر احتجاجی مظاہروں کی اپیل کردی۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کے نام پر خیبر پختونخوا کے عوام کی جیبوں پر پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبائی حکومت نے ڈاکہ ڈالا ہے اُس کے خلاف جمعہ  کو خیبر پختونخوا کے تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا یہ ڈاکہ غیر قانونی اور ماورائے دستور ہے، اِس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ 28 یونٹس خرچ کرنے والے کو 4 ہزار روپے کا بل بھجوا دیا گیا ہے، یہ سراسر ظلم اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ دہشتگردی جیسا عمل ہے۔ خیبر پختونخوا 4500 میگاواٹ سے زیادہ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے، لیکن حکومت یہاں کے عوام کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوٹ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی تیل سے نہیں بنائی جاتی یہاں پن بجلی بنائی جاتی ہے اس لئے اس صوبے کے عوام کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر نہیں لُوٹا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہیں اور ہم عدالت سے استدعا کریں گے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر صوبے کے عوام سے بجلی کے بلوں میں جو رقم لی گئی ہے اسے عوام کو واپس کیا جائے یا بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر مارے گئے ڈاکے میں بیواؤں، یتیموں، مدارس اور یہاں تک مساجد کو بھی نہیں بخشا گیا اور انھیں بھاری بل بھجوا دیئے گئے۔ حکومت کی اس ظالمانہ روش سے عوام تکلیف میں ہیں۔انھوں نے کہا کہ جمعہ کو صوبہ بھر میں مظاہرے کریں گے، عوام کو بیدار کریں گے اور پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی جیبوں پر ڈالے گئے ڈاکے کی مذمت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 971006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش