0
Monday 23 May 2022 19:15

عمران خان کا امریکی مخالفت کا چورن بری طرح ناکام ہو چکا ہے، عبدالغفور راشد

عمران خان کا امریکی مخالفت کا چورن بری طرح ناکام ہو چکا ہے، عبدالغفور راشد
اسلام ٹائمز۔ نائب مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ جمہوری ممالک میں پُرامن احتجاج پر کوئی پابندی نہیں ہوتی، امید کرتے ہیں کہ عمران خان اپنے لانگ مارچ کو پُرامن رکھیں گے تو امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ گزشتہ دھرنے کی طرح ہوگا تو ملکی مسائل بڑھیں گے، امور مملکت میں مداخلت کیساتھ اسلام آباد کے شہری بھی پریشان ہوں گے۔ لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لانگ مارچ کا فوری اعلان کر دیا ہے، لگتا ہے کہ سابق وزیراعظم خاصی جلدی میں ہیں کہ وہ دوبارہ عوام کو بیوقوف بنا کر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ ان کا امریکی مخالفت کا چورن بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ اب انہیں وہ سہولت اور سرپرستی میسر نہیں جو 2018ء کے انتخابات میں حاصل تھی، انہوں نے اپنے دور حکومت میں کونسا ایسا کام کیا جس کی وجہ سے امریکہ پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کیلئے سازش کرتا، انہیں حکومت کا موقع ملا تو عوام کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے، مہنگائی بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا جبکہ جمہوری جدوجہد اور تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت کو چلتا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا کسی صورت دانش مندی نہیں ہوگی۔ انتخابی اصلاحات پر کام شروع کر دیا گیا ہے، پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد حکومتی اتحاد کی منظوری سے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔ اہلحدیث رہنما نے کہا پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، دھرنے اور احتجاجی مظاہرے مسائل کا حل نہیں، حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کے ذریعے اختلافی مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، عمران خان کو اپنی گفتگو میں شائستگی لانے کی ضرورت ہے، لچر گفتگو سے سے پرہیز کریں۔ 
خبر کا کوڈ : 995633
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش