1
Sunday 3 Mar 2024 22:27

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ شہباز شریف پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب، چین اور ایران کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد، چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نئی حکومت کی قیادت میں بھی چین اور پاکستان قومی ترقی اور پیشرفت کے مقصد میں نئی اور عظیم تر کامیابیاں حاصل کرسکیں گے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کو 24واں وزیرِاعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے دعا گو ہوں۔ ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تمام سطح پر باہمی تعلقات اور تعاون بڑھانے کا عزم کرتا ہے۔

2۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ دہشت گردی کے تین مقدمات میں نامزد، راولپنڈی پولیس کی جانب سے حکام کو مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ ٹیکسلا سرکل راولپنڈی کے تین تھانوں تھانہ ٹیکسلا میں دہشت گردی ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت 9 مئی 2023ء کے مقدمہ نمبر 940، اسی طرح دہشت گردی ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت ہی تھانہ ٹیکسلا میں درج 11 مئی 2023ء کو درج مقدمہ نمبر 948 اور تھانہ صدر واہ میں دہشت گردی ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت 10 مئی 2023ء کو درج مقدمہ نمبر 744 میں نامزد ہیں اور پولیس کو مطلوب ہیں۔

3۔ برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ برطانوی ووٹرز کا حزب اللہ کے حامی امیدوار کو منتخب کرنا خوفناک ہے، رشی سونک نے کہا کہ یہ خوفناک بات ہے کہ ووٹرز نے ایسے امیدوار کو منتخب کیا ہے، جو 7 اکتوبر کو ہونے والے خوفناک واقعات کو مسترد اور حزب اللہ کی تعریف کرتا ہے، ہماری جمہوریت خود ایک ہدف ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر تقسیم کی قوتوں کا مقابلہ کریں۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج پر قابو پانے میں پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے، میں پولیس سے کہتا ہوں، جب آپ کارروائی کریں ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔

4۔ کینیڈا کا ناوالنی کی موت پر روس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان، کینیڈا کے وزیر خارجہ میلینی جولی نے ایک بیان میں کہا کہ اعلان کردہ پابندیوں کی زد میں سینیئر حکام اور روسی عدلیہ کے اعلیٰ عہدیدار، انصاف کی خدمات انجام دینے والے ادارے سمیت روس کے 6 عہدیدار شامل ہیں۔ خیال رہے کہ روسی صدر ویلادیمیر پوتن کے سخت ناقد الیکسی ناوالنی گذشتہ ماہ جیل میں پراسرار طور پر انتقال کرگئے تھے۔الیکسی ناوالنی نے ولادیمیر پوتن پر متعدد بار کرپشن کے الزامات لگائے اور کڑی تنقید کی تھی، جس پر انھیں 2021ء میں جرمنی سے واپسی پر گرفتار کیا گیا تھا اور 19 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ گذشتہ برس کے آخر میں انھیں شمالی سائبیریا کے علاقے کی آرکٹک جیل کی کالونی میں منتقل کیا گیا تھا۔

5۔ بھارت نے مالدیپ کے قریب اسٹریٹجک بیس قائم کرلی، رپورٹ کے مطابق بھارت اور مالدیپ کے درمیان تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہوگئے ہیں جب چین کے حامی صدر محمد معیزو نے بھارتی افواج کو نکالنے کے وعدے کے بعد گذشتہ سال انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی تھی۔ بھارتی بحریہ نے ہفتے کو جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کو جزیرہ نما ملک میں چین کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر شبہ ہے اور نیا اڈہ اس علاقے میں نئی دہلی کی آپریشنل نگرانی میں توسیع کرے گا۔ صدر محمد معیزو نے بھارت کو مالدیپ میں مقیم جاسوسی طیارہ چلانے والے 89 سکیورٹی اہلکاروں کو واپس بلانے کا کہا تھا، سکیورٹی اہلکاروں کا پہلا دستہ 10 مارچ تک روانہ ہونے والا ہے اور سب ہی اہلکار 2 ماہ کے اندر واپس روانہ ہو جائیں گے۔

6۔ امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھارتی سفارتخانے کے باہر سکھوں کا کسانوں کے حق میں احتجاج، سکھوں نے بھارت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے آزاد خالصتان کے حق میں نعرے لگائے، ساتھ ہی مودی سرکار کو کسانوں کا قاتل قرار دے دیا۔ امریکی شہر سان فرانسیسکو میں سکھوں نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے مودی سرکار کے خلاف نعرے بلند کیے۔ اس کے علاوہ کینیڈا کے شہر وینکور میں بھی سکھوں نے احتجاج کرتے ہوئے مودی کو دہشت گرد قرار دیا۔آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں بھی بھارتی قونصل خانے کے سامنے مودی سرکار کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔

7۔ امریکہ کے صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں اضافہ، نیا سروے جاری کر دیا گیا، امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز کی جانب سے جاری سروے کے مطابق 48 فیصد ووٹرز ڈونلڈ ٹرمپ جبکہ 43 فیصد جوبائیڈن کو ووٹ دینے کے حامی ہیں۔ سروے کے مطابق ڈیموکریٹس کی بڑی تعداد بھی جو بائیڈن کی کارکردگی سے غیر مطمئن دکھائی دیتی ہے اور جو بائیڈن کے بجائے کسی اور کو صدارتی امیدوار دیکھنے کی خواہش مند ہیں۔

تصوریری رپورٹ: اب ایک نظر آج کی تصویری رپورٹ پر، جس کا عنوان ہے "غزہ میں اسرائیلی و امریکی ظلم و بربریت کیخلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے" 

کارٹون: اب ایک نظر آج کے کارٹون پر جس کا عنوان ہے "غزہ کے شہریوں کو کس چیز کی ضرورت ہے؟"
خبر کا کوڈ : 1120034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش