0
Friday 15 Jan 2021 18:59

داعش شہادت کے بعد بھی قاسم سلیمانی سے خوفزدہ ہے

داعش شہادت کے بعد بھی قاسم سلیمانی سے خوفزدہ ہے
تحریر: ابو فجر لاہوری

نئے سال کے آغاز پر ہی بلوچستان کے علاقے مچھ میں داعش کی جانب سے ہزارہ برادری کے گیارہ افراد کو شناخت کرکے انتہائی بے دردی کیساتھ شہید کیا گیا۔ داعش نے اس واقعہ کی ذمہ داری اپنے "ندائے حق" نامی نشریاتی ادارے کی جانب سے اُردو زبان میں نشر کردہ منٹ کے آڈیو بیان میں قبول کی۔ داعش کے رہنماء کی بات کرنے کا انداز ایسا تھا جیسے سپاہ صحابہ کی قیادت کا انداز گفتگو ہوتا ہے۔ ممکن ہے ذمہ داری قبول کرنیوالے کا تعلق کالعدم سپاہ صحابہ سے ہی ہو اور اب اس نے داعش جوائن کر لی ہو۔ پاکستان میں دہشتگردی کیخلاف کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پاک فوج مشترکہ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے متعدد علاقوں سے داعش کے درجنوں دہشتگرد گرفتار کرنے کے دعوے کئے ہیں۔ دہشت گردوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ ان کا تعلق داعش سے ہے اور وہ داعش کے دیئے گئے اہداف پر ہی کام کر رہے تھے۔

یہاں ایک سوال ضرور جنم لیتا ہے کہ دہشتگرد تو پکڑے جاتے ہیں، مگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے ان کے سہولت کاروں، فنانسرز اور سرپرستوں کو کیوں گرفتار نہیں کرتے؟ کیا ان اداروں کی ذمہ داری صرف یہ ہے کہ جو دہشتگرد اتفاقاً ان کے ہاتھ لگ جائے، وہی ان کی ’’شاندار کارکردگی‘‘ ہے۔ یا کوئی امر مانع ہے کہ ان کی سہولت کاروں اور سرپرستوں پر ہاتھ نہیں ڈالنا؟ یا یہ بھی ممکن ہے کہ ان دہشتگردوں کا ’’کُھرا‘‘ حکومتی ایوانوں یا سکیورٹی اداروں میں پہنچتا ہو، یہی وجہ ہے کہ وہاں سی ٹی ڈی اور پولیس کے پَر جلتے ہوں گے۔ سانحہ مچھ کے بعد وزیراعظم فرماتے ہیں کہ صرف 30 سے 40 دہشتگرد ہیں، جن کو جلد ہی کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔ اب نجانے یہ 30 سے 40 دہشتگرد کب کیفرکردار تک پہنچیں گے۔؟

ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ پنجاب میں دہشتگردوں کیلئے نقل و حرکت کوئی مسئلہ نہیں۔ ہر ضلع کا ڈی پی او کالعدم جماعت کے اکلوتے رکن پنجاب اسمبلی کیساتھ رابطے میں ہوتا ہے۔ یہ ایم پی اے جب چاہتا ہے، جس تھانے کے ایس ایچ او کو چاہتا ہے تبدیل کروا دیتا ہے۔ یوں پولیس فورس میں اس جماعت کے حوالے سے ایک خوف پایا جاتا ہے۔ ایک ایس ایچ او کو کالعدم جماعت کے موصوف ایم پی اے نے محض اس لئے تبدیل کروا دیا کہ اس نے کالعدم جماعت کے ایک عام سے عہدیدار کو کھڑا ہو کر رسیو نہیں کیا تھا۔ ایسی صورتحال میں دہشتگردی کیخلاف جنگ کیسے کامیاب ہوسکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شام و عراق سے فرار ہونیوالے دہشتگردوں کے حوالے سے بھی اطلاعات ہیں کہ انہوں نے افغانستان کے مشرقی علاقوں میں اور پاکستان کے صوبے بلوچستان کے بعض علاقوں اور پنجاب کے جنوبی اضلاع راجن پور اور ڈی جی خان سمیت قریبی علاقوں میں اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ دہشت گردوں کی گرفتاریوں کے باوجود کبھی بھی راجن پور کے علاقوں میں آپریشن نہیں کیا گیا۔

دہشتگردوں نے بلوچستان میں ہزارہ برادری کو جس دن نشانہ بنایا، وہ دن شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا دن تھا۔ پاکستان میں شہید حاج کی برسی کی مناسبت سے پروگرامز جاری تھے کہ داعشیوں نے اس دن کا انتخاب بھی اسی لئے کیا کہ وہ قاسم سلیمانی سے خائف ہیں۔ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید ہوئے ایک سال کا عرصہ بیت گیا ہے، مگر اس کے باوجود داعش آج بھی ان کے نام سے خوفزدہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شہید کے برسی کے روز دالخرش سانحہ وقوع پذیر کرکے جنرل قاسم سلیمانی سے پاکستانیوں کی توجہ ہٹا دی۔ یوں وزیراعظم کو بھی کوئٹہ جانے سے روکا گیا۔ جب قاسم سلیمانی کی برسی کے دن گزر گئے تو سارے معاملات درست ہوگئے۔ وزیراعظم بھی کوئٹہ پہنچ گئے، دھرنا بھی ختم ہوگیا، پورا میڈیا بھی جنرل قاسم سلیمانی کی برسی بھول کر سانحہ مچھ کے غم میں نوحہ کناں رہا۔ یہ وہ خوف تھا، جو داعش کو لاحق ہے، یہی وجہ ہے کہ ان مخصوص ایام کا انتخاب کرکے جنرل قاسم سلیمانی کا ذکر عارضی طور پر روک دیا گیا۔

داعش یہ بھول گئی کہ قاسم سلیمانی فراموش ہونیوالی شخصیت نہیں، بلکہ شہید زندہ ہوتا ہے، یہ قرآن کا فیصلہ ہے۔ یہ شہید کی شخصیت کا ہی اثر ہے کہ داعش شام و عراق میں پڑنے والے جوتے نہیں بھلا سکی۔ ایک سال بعد بھی داعش کو ان پڑنے والوں جوتوں کا درد ہے اور یہ درد رہتی دنیا تک بچے کھچے دہشتگرد محسوس کرتے رہیں گے۔ داعش اور اس کا سرپرست امریکہ قاسم سلیمانی کو شہید کرکے سمجھ رہے ہیں کہ انہوں نے قاسم سلیمانی کو راستے سے ہٹا دیا ہے، مگر یہ بھول گئے ہیں کہ قاسم سلیمانی کے بعد بھی کئی قاسم سلیمانی پیدا ہوچکے ہیں۔ یہ سانحہ مچھ کی آڑ میں پاکستانیوں کے دلوں سے قاسم سلیمانی کو محو کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، مگر قاسم سلیمانی کا خوف ان کے دلوں میں ہمیشہ برقرار رہے گا۔ جس طرح حسینؑ کا نام آج 14 سو سال بعد بھی یزیدیت کے منہ پر طمانچے مار رہا ہے، اسی طرح سلیمانی کا نام بھی رہتی دنیا تک داعش اور اس کے سرپرست امریکہ و اسرائیل کے منہ پر طمانچے مارتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 910343
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش