0
Saturday 24 Sep 2011 22:41

استعمار کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پاکستانیوں کو ایک قوم بننا ہو گا، دفاع وطن کانفرنس

استعمار کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پاکستانیوں کو ایک قوم بننا ہو گا، دفاع وطن کانفرنس
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام دفاع وطن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین امریکہ کے لئے قبرستان ثابت ہو گی، امریکہ نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی تو پاکستان اس کے لئے ویت نام ثابت ہو گا، فرقہ وایت، صوبائیت اور لسانیت امریکی سازشیں ہے، جنہیں باہمی اتحاد سے ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی ارتقاء تنظیم و دفاع وطن کنونش سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی، آئی ایس پاکستان کے مرکزی صدر سید رحمان شاہ، اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی جنرل سیکرٹری سمیع اللہ حسینی اور متحدہ طلباء محاذ پاکستان کے مرکزی صدر ظہیر الدین بابر نے ’’دفاع وطن کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت استعمار کے ہتھکنڈوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے، ہمیں پہلے تو استعمار کو پاکستان میں داخل ہی نہیں ہونے دینا چاہیے اور اگر اب استعمار ہم پر قابض ہو کر ہماری ملکی سالمیت کو نقصان پہچا رہا ہے تو ہمیں اسکا دفاع کرنا چاہیے۔ 
مقررین نے کہا کہ دشمن لسانیت، قومیت اور فرقہ واریت کے ذریعے ہمارے درمیان تفرقہ ڈالنے کے کوشش کر رہا ہے، اس وطن کیلئے سب نے مل کر قربانیاں دی تھیں لیکن آج ہم اس کا دفاع نہیں کر پا رہے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم باہمی اتفاق و اتحاد سے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیں، انہوں نے کہا کہ دشمن کی یہ ابتدائی پالیسی رہی ہے کہ تقسیم کرو اور حکومت کرو۔ لہذا ہمیں فرقوں اور لسانی بنیادوں پر لڑایا جا رہا ہے، ہمیں اس سے بالا طاق ہو کر پاکستان کے دفاع کی خاطر مل بیٹھنا ہو گا۔
مقررین نے مزید کہا کہ امریکا کی ایماء پر دہشت گردوں کو اس لئے رہا کیا جا رہا ہے کہ وہ معاشرے میں فساد برپا کر کے تفرقہ پیدا کریں تاکہ استعمار باآسانی ملک خداداد میں اپنے خفیہ عزائم کے حصول کے لئے سرگرم رہ سکے۔ انہوں نے امریکہ کی پاکستان کو حالیہ دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے واضع کیا کہ اگر امریکا نے پاکستان پر جارحیت کی تو اسے عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا، مقررین نے امریکی رویے پر پاکستانی حکمرانوں کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ امریکی غلامی کے طوق کو اب گلے سے اتار پھنکیں، بصورت دیگر پاکستان قوم انہیں اقتدار سے نکال باہر کرے گی۔
مقررین نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے خلاف سازش تیار کر چکا ہے، جس کے مقابلے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہو گا، اُمت کا اتحاد وقت کا تقاضا ہے، بے غیرت حکمرانوں نے ملکی سالمیت داؤ پر لگا دی ہے، ڈروں حملے اور فرقہ واریت امریکا کے ہی حربے ہیں، تاکہ ملت اسلامیہ کو تقسیم کیا جا سکے۔ لائق تحسین ہیں آئی ایس او پاکستان کے جوان جو ہمیشہ ملکی سلامتی کے لیے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت کو فروغ دے کر شیعہ و سنی مسلمانوں کو لڑانے کی مذموم سازش کی جا رہی ہے، جسکی ایک مثال سانحہ مستونگ کوئٹہ کا رونما ہونا ہے، ہمیں بیداری کا ثبوت دینا ہو گا اور دشمن کی اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا، جس کے لئے اتحاد اُمت واحد حل ہے کیونکہ اتحاد میں ہی طاقت اور کامیابی پوشیدہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈورن حملوں میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام جاری ہے جبکہ حکمرانوں کے آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے، جیسے انہوں کچھ نظر نہیں آ رہا ہو ،کیونکہ کے یہ سب حکمران امریکی پٹھو ہیں۔
مقررین نے کہا کہ دفاع وطن کے لئے ضروری ہے کہ قوم متحد ہو، اگر قوم متحد نہیں تو وطن محفوظ ہے نہ قوم، اس لئے وطن کی بقاء اور سلامتی کیلئے اتحاد بنیاد ہے، انہوں نے کہا کہ 1965ء میں پاکستان پر بھارتی جارحیت کا پاکستانی قوم نے جوش و ولولے کے ساتھ دفاع کیا اور دشمن کو بھاگنے پر مجبور کر دیا کیونکہ اُس وقت قوم متحد تھی، لیکن آج استعمار امریکا و اسرائیل کی صورت میں ہمارے ملک پر نہ صرف حملے کر رہی ہے بلکہ قابض ہے مگر ہم خاموش ہیں، جسکی بنیادی وجہ ہمارا آپس کا اتحاد و اتفاق کی کمی کا ہونا ہے، آج ہم پاکستانیت کی بجائے صوبائیت کا شکار ہیں، کوئی سندھی ہے تو کوئی پنجابی تو کوئی بلوچی، یہ سب صرف استعماری سازش ہے، جو چاہتا ہے کہ ہم انہیں مسائل میں الجھے رہیں، لسانی بنیادوں پر ملک بھر میں قتل عام بھی امریکا اور اسکے حواریوں کا ہی تحفہ ہیں۔
کوئٹہ میں پنجابیوں کا قتل عام، کراچی میں پٹھانوں کو مارا جا رہا ہے تو کوئی مہاجر کو مار رہا ہے یہ سب ایک دوسر ے کے خلاف سازش نہیں بلکہ درحقیقت پاکستان کے خلاف سازش ہے، ہمارے وطن کو توڑنے کی ناپاک استعماری کوشش ہے، رہنماؤں نے کہا کہ پہلے جنگیں ہوتی تھیں لیکن اب میڈیا وار کے ذریعے قوم پر حکومت کی جا رہی ہے، آج پروپیگنڈہ اس انداز سے کیا جا رہا ہے کہ قوم کو منتشر کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فرقہ واریت اور لسانیت کے ساتھ ساتھ سیاسی گروہ بندی نے بھی خاصی گہری ضرب لگائی ہے، ایسے حالات میں قوم کو شعور حاصل کرنے اور بیدار ہونے کی ضرورت ہے اور جس دن ہماری قوم شعور کے ساتھ بیدار ہو کر متحد ہو گی تو ملکی سالمیت اور دفاع جیسے مسائل سیکنڈز میں حل ہو جائیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 101182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش