1
Thursday 14 Mar 2024 15:41

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن
خصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں وکلا کی ملاقات کرانے کا حکم، عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کے آرڈرز کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ ملاقات کے لیے کئی سو درخواستیں آرہی ہیں۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو یہ نہیں کہہ رہے کہ سب لوگوں کو جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دیں۔ آپ کو بانی پی ٹی آئی نے جن 6 وکلا کے نام دیئے، صرف وہی ملاقات کریں گے۔

2۔ اسرائیلی فوج کی خوراک کی تقسیم کے مراکز پر فائرنگ، 11 شہید اور 105 زخمی ہوگئے، عرب میڈیا کے مطابق پہلا واقعہ رفح میں خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز میں پیش آیا، جہاں اسرائیلی فوج نے بھیڑ پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اونرا کے اہلکار سمیت 5 فلسطینی شہید اور 22 زخمی ہوگئے۔ اسی طرح رفح میں ہی ایک اور مقام پر خوراک کے لیے قطار بنائے فلسطینیوں پر بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی، جس میں 6 فلسطینی شہید اور 82 زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث 23 لاکھ فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑ کر رفح میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، جو خوراک اور روز مرہ کی بنیادی چیزوں کے لیے امدادی اداروں کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں۔

3۔ اُردن کی ملکہ رانیہ نے کہا ہے کہ غزہ میں بمباری کیساتھ امداد تباہی، بربادی اور قتل عام کو نہیں روک سکتی، اسرائیل نے صرف ایک مرتبہ 7 اکتوبر دیکھا، فلسطینی 156 بار اسرائیلی 7 اکتوبر جھیل چکے ہیں، غزہ میں جنگ فوری رکنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم کرنے کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ ملکہ رانیہ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو بھوکہ پیاسا رکھنا اسرائیل کا پیدا کردہ المیہ ہے، اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے، اسی وجہ سے فلسطینی، اسرائیل سے نفرت کرتے ہیں۔

4۔ روسی صدر پیوٹن نے مغربی ممالک کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری جنگ کیلیے تیار ہیں، پیوٹن نے کہا کہ روس تکنیکی طور پر جوہری جنگ کے لیے تیار ہے اور اگر امریکا نے یوکرین میں فوج بھیجی تو موجودہ حالات کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا۔ روس میں 15 مارچ کو صدارتی انتخابات شروع ہوں گے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن ہی آئندہ 6 برس کے لیے صدر منتخب ہو جائیں گے۔ ولا دیمیر پوٹن نے کہا کہ جوہری جنگ کا منظر نامہ جلد بازی کا متقاضی نہیں ہے اور انہیں یوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔

5۔ ترکی میں خوفناک حادثے میں ترک صدر کا ایک گارڈ ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، عرب میڈیا کے مطابق حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے صدارتی محافظوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ یہ افراد کس حادثے کا شکار ہوئے تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والے ایک دورے پر صدر کی سکیورٹی پر مامور تھے۔ ترک صدر طیب اردون مکمل طور پر خیریت سے ہیں اور صوبے کا دورہ مکمل کرکے واپس دارالحکومت پہنچ چکے ہیں۔ ترک حکام نے حادثے کی تفصیلات بتائے بغیر ایک محافظ کی ہلاکت اور 3 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال حادثے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں۔

6۔ امریکہ نے کہا ہے کہ بھارت کے متنازع شہریت ایکٹ پر تشویش ہے، بغور جائزہ لے رہے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مذہبی آزادی کا احترام اور قانون کے تحت تمام قومیتوں اور گروپس کے ساتھ یکساں سلوک جمہوریت  کا بنیادی اصول ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے بھی مودی حکومت کی جانب سے متنازع شہریت ترمیمی ایکٹ کے نفاذ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا شہریت ترمیمی ایکٹ امتیازی ایکٹ ہے، جو بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مودی سرکار نے 2019ء میں منظور ہونے والے شہریت کے متنازع قانون کو نافذ کر دیا ہے۔ مسلمان گروپوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے قانون کو مسلم دشمن قرار دیا ہے۔

7۔ ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ امریکا کے گلے پڑے گا، چین کی وارننگ، چین کی  وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے امریکی حکومت کو ٹک ٹاک کو دبانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اس ایپ سے قومی سلامتی کے خطرات کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے منصفانہ مقابلوں میں نہیں جیتا جا سکتا۔ ایسے اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں پر اثر پڑتا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو  ٹھیس پہنچتی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی کا بل منظور کرلیا ہے۔ بل میں چینی کمپنی بائٹ ڈانس کو 6 ماہ میں اپنے مفادات بیچنے کی ہدایت کی گئی اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ٹک ٹاک پر پابندی عائند کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام سفیر انقلاب ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کا اہتمام
خبر کا کوڈ : 1122526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش