1
Sunday 17 Mar 2024 08:21

بابرکت مہینے میں اردو ترجمہ کیساتھ قرآن پاک کی ویڈیوز کا افتتاح میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، شبیر احمد شگری

بابرکت مہینے میں اردو ترجمہ کیساتھ قرآن پاک کی ویڈیوز کا افتتاح میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، شبیر احمد شگری
اسلام ٹائمز۔ نور پروڈکشن کے زیراہتمام اردو زبان میں قرآن مجید کے ترجمے کی ویڈیوز آن لائن شروع کر دی گئی ہیں۔ شبیر احمد شگری نے اس پورے پراجیکٹ پر کام کیا اور ایک سال کی مدت میں اسے تکمیل تک پہنچایا۔ یکم رمضان المبارک کو اسلام آباد کی جامعہ کوثر میں مکمل قرآن پاک کا اردو ترجمہ کیساتھ باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ مشہور صحافی، کالم نگار، پروڈیوسر اور ٹی وی اینکر حاجی شبیر احمد شگری کا کہنا تھا کہ الحمدللہ، آڈیو ویڈیو میں نئے انداز میں قرآن پاک کی مکمل ایڈیٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔ اس قرآنی منصوبے کو مکمل کرنے میں ایک سال کا وقت لگا۔ قرآن پاک کی ویڈیوز 30 سپاروں کی ترتیب سے 30 فلموں کی شکل میں تیار کی گئی ہیں۔ یہ قرآن مجید کے مترجم اور مفسر مرحوم آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کا اردو ترجمے کا پروجیکٹ ہے۔خوبصورت تلاوت ایرانی استاد پرہیزگار کی آواز میں ہے اور اردو ترجمہ حاجی شبیر احمد شگری کی آواز میں ہے۔

اس پروجیکٹ کی خصوصیت یہ ہے کہ پورا قرآن اچھے معیار کے ساتھ (HD) میں تیار کیا گیا ہے۔ آیات کی شناخت کے ساتھ ساتھ اردو ترجمہ کا متن بھی خوبصورت انداز میں دستیاب ہے۔ شبیر احمد شگری نے کہا کہ قرآن کریم کا یہ ترجمہ کئی لحاظ سے دوسرے تراجم سے منفرد ہے۔ مثلاً سجدہ والے سپارے کے شروع ہونے سے پہلے اور سجدہ کی آیت سے پہلے سجدہ کی آیت سے مطلع کردیا گیا ہے۔ تاکہ سننے والا سجدہ کی آیت سے متوجہ ہو جائے۔ یاد رہے کہ آیت سجدہ کے بارے میں شیعہ اور سنی کی بحثیں مختلف ہیں۔ اہل تشیع کے نزدیک سجدہ کی آیت کی ریکارڈنگ سننے پر سجدہ واجب نہیں جبکہ سنی بھائیوں کے نزدیک سجدہ ضروری ہے۔ اس قرآنی منصوبے میں اس مسئلے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ یہ خصوصیت اسے دیگر ترجمہ شدہ قرآنی ویڈیوز سے ممتاز کرتی ہے۔

قرآن پاک کی ویڈیوزکا افتتاح رمضان المبارک کے پہلے دن جامعہ کوثر اسلام آباد میں مترجم و مفسر قرآن کریم حجۃ الاسلام و المسلمین محسن علی نجفی کے مزار پر ان کے فرزند ارجمند حجت الاسلام اسحاق نجفی نے کیا۔ اس وقت قرآن کی یہ ویڈیوز نور پروڈکشنز پر آن لائن اور دستیاب ہیں اور اسی طرح رمضان کے مقدس مہینے میں ہر روز قرآن کا ایک حصہ آن لائن کیا جائے گا۔ یہ ویڈیوز "نور پروڈکشنز" کے یوٹیوب چینل https://youtube.com/playlist?list=PLVLSFOIjQLcIo1bliZt6g6Vzh1kmurEyp&si=ySPt8ej8NUfku1PI 
دیکھی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر مولانا اسحاق نجفی نے شبیر احمد شگری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت بڑا کام انجام دیا ہے۔ ترجمہ کا کام علامہ محسن علی نجفی نے کیا اور آپ نے اسے آگے بڑھایا، خدا اس کاوش کو قبول فرمائے۔ مولانا اسحاق نجفی نے آیت اللہ محسن علی نجفی کی خدمات کے بارے میں دو کتابیں اور قرآن کریم مع ترجمہ و تفسیر بھی شبیر احمد شگری کو پیش کیں۔ شبیر احمد شگری کا کہنا تھا کہ الحمدللہ، رب رحیم و کریم کی توفیق اور امام زمانہ عج کی مدد سے مکمل ہونے والے اس پراجیکٹ کی تکمیل پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ اور یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس کا افتتاح بہترین یونیورسٹی اور قرآن پاک کے مترجم و مفسر اور اس عظیم ہستی کے مرقد منور پر ہوا جن کی بے شمار دینی خدمات ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 1123121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش