0
Monday 18 Mar 2024 23:51

جماعت اسلامی کا 30 مارچ کو ”شب یکجہتی غزہ“ منانے کا اعلان

جماعت اسلامی کا 30 مارچ کو ”شب یکجہتی غزہ“ منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر صدارت ادارہ نور حق کراچی میں امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا، امداد کے منتظر اور رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں اہل غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، کھلم کھلا دہشتگردی و جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ حکمران خواہ کوئی مؤقف اختیار کریں اور اہل غزہ کو بھول جائیں، لیکن عوام نہیں بھولیں گے اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں، خواتین، بچوں، بزرگوں اور حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکا کی مذمت جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے بروز ہفتہ 30 مارچ کو نماز تراویح کے بعد ”شب یکجہتی غزہ“ (غزہ سالیڈیرٹی نائٹ) منائی جائے گی، جس میں شہر بھر سے عوام فیملیز کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں کیمپ لگائے جائیں گے، کارنر میٹنگز کی جائیں گی اور فلسطین ریلیف فنڈ جمع کیا جائے گا۔ شہر بھرمیں مساجد کے باہر اور عید شاپنگ بازاروں میں بھی فلسطین فنڈ جمع کیا جائے گا۔ اجلاس میں اہل غزہ کیلئے جاری ریلیف ورک پر الخدمت کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جس نے بذریعہ ہوائی جہاز و بحری جہاز غذائی اجناس، ادویات اور خواتین و بچوں کیلئے ضروری اشیاء غزہ روانہ کی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1123471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش