0
Tuesday 19 Mar 2024 11:49

میں نے ہمیشہ عوام کو طاقت کا سر چشمہ سمجھا ہے، بیرسٹر سلطان

میں نے ہمیشہ عوام کو طاقت کا سر چشمہ سمجھا ہے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے ہمیشہ عوام کو طاقت کا سر چشمہ سمجھا ہے عوام نے بھی ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے جدوجہد ہو یا عوامی خدمت کے مشن کی بجا آوری ہو عوام ہمیشہ والہانہ اور پرجوش انداز میں میرے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ میں نے کل میرپور سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا، آج اسی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کھڑی حاضر ہوا ہوں۔ اس عوامی رابطہ مہم کا دائرہ کار ریاست کے اطراف تک پھیلاؤں گا۔تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک اور مشکل مرحلے میں ہر کشمیری کی یہ قومی و ملی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے میدان عمل میں نکل پڑے۔ میں نو مرتبہ ممبر اسمبلی بنا، وزیراعظم بنا، اب صدر ریاست کے سب سے بڑے عہدے پر فائز ہوں اس میں کھڑی شریف کے لوگوں کا بنیادی کردار ہے۔ جہاں میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے کوشاں ہوں وہاں میں لوگوں بالخصوص کھڑی کے لوگوں کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں۔ 

میں نے حلقہ کھڑی کیلئے تحصیل بنوانے کا فیصلہ کیا، کھڑی جب تحصیل بنے گی تو رورل ہیلتھ سنٹر پنڈی سبھروال کو تحصیل ہسپتال کا درجہ مل جائے گا۔ صدر ریاست کے عہدے کا حلف اٹھاتے وقت میں نے کہا تھا کہ میں نے کسی ملک، کسی ریاست یا کسی صوبے کے صدر کا حلف نہیں اٹھایا بلکہ میں نے آزادی کے بیس کیمپ کے صدر کا حلف اٹھایا ہے۔ اس لیے میری اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرنا ہو گا۔ آج بھی میری پہلی ترجیح کشمیر ایشو ہے، میری عوامی رابطہ مہم کی غرض و غایت بھی کشمیر ایشو کیلئے جدوجہد کرنا ہے۔ میں نے اپنی صدارت کے اڑھائی سالہ دور میں ریاست کو آزادی کا حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بنا کر کشمیر ایشو کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں کما حقہ نبھائیں۔ میں نے بیک وقت تین محاذوں پر کشمیر ایشو کے لیے جدوجہد کی ایک طرف میں نے امریکہ، برطانیہ، فرانس، ہالینڈ، بیلجیئم، او آئی سی کے ہیڈکوارٹر جدہ، ترکی، دوبئی سمیت متعدد ممالک کے دورے کر کے عالمی سطح پر کشمیر کو اجاگر کیا، وہاں کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کر کے انہیں کشمیر کاز کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ دوسری طرف میں نے ریاست کی تمام قیادت کو ایک پیج پر جمع کیا۔ 

30جنوری2022ء کو ایوان صدر میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا، پھر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ 24 فروری کو اسلام آباد، 17مارچ کو مظفرآباد آل پارٹیز کشمیر ریلی کا انعقاد کر کے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم کشمیری کشمیر ایشو پر اکٹھے ہیں۔ تیسری طرف میں نے سفارتکاروں کے ذریعے کشمیر ایشو کو اُجاگر کیا۔ ایوان صدر اسلام آباد اور مظفرآباد میں مختلف ممالک کے سفیروں سے متعدد ملاقاتیں کیں اُن کے ہمراہ پریس کانفرنسز کیں۔ آپ کو یاد ہو گا 24 اپریل 2022ء کو میں نے کانگریس ویمن الہان عمر کے ہمراہ مظفرآباد میں پریس کانفرنس کی۔ جہاں پر الہان عمر نے کشمیر کاز کے لیے امریکی کانگریس میں کاکس Caucus بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر بھارت تلملا اُٹھا تھا اور باقاعدہ امریکہ سے اس بارے میں احتجاج بھی کیا تھا۔ 

دس جنوری کو برطانوی ہائی کمشنر نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ میری رہائش گاہ چیچیاں میں مجھ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران میں نے برطانوی ہائی کمشنر کو کشمیر ایشو پر بریف کیا یہ کسی بھی برطانوی ہائی کمشنر کا آزاد کشمیر کا پہلا دورہ تھا جس پر بھارت سیخ پا ہو کر سراپا احتجاج ہوا تھا۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلقہ کھڑی شریف میں جلسہ نما افطار ڈنر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر سے وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین، وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نویداختر گوگا، ڈسٹرکٹ ممبر چوہدری ریاض اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 7 اکتوبر سے لے کر اب تک اسرئیلی  فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادتیں ہو چکی ہیں غزہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، غزہ میں انسانی حقوق مکمل طور پر پامال ہو چکے ہیں، خوراک، ادویات سمیت ضرورت کی ہر قسم کی چیز کی سپلائی بند ہے۔ پانی بجلی تک کی فراہمی بندش کا شکار ہے۔غزہ کے موجودہ حالات کی وجہ سے دنیا میں ہر انصاف پسند صاف دل اور زندہ ضمیر رکھنے والا شخص رنجیدہ و افسردہ ہے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اسرائیل حماس تنازع کا حل نکالنا ہو گا، اس تنازع کا واحد حل خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آج اولیاء کی دھرتی کھڑی شریف میں کھڑے ہو کر ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی ریاست کو حقیقی معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانے اور کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے میری تمام تر کاوشیں جاری و ساری رہیں گی۔

آج کھڑی شریف کی غیور عوام نے جس ولولے جس جوش جس محبت و عقیدت سے میرا والہانہ اور پر تپاک استقبال کیا ہے میں دل کی عمیق گہرائیوں سے اہلیان کھڑی شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کھڑی میرا آبائی حلقہ ہے میرا دل بھی چاہ رہا تھا کہ آپ سے ملاقات کروں، کھڑی کے عوام نے ہمیشہ کڑے اور کٹھن حالات میں پوری استقامت اور جواں مردی  سے میرا ساتھ دیا ہے، انشاء اللہ یہ ساتھ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ حلقہ کھڑی شریف کے جملہ مسائل کو پہلی فرصت میں حل کیا جائے گا، کھڑی شریف میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 15 کلومیٹر سڑکات کی پختگی ہو چکی ہے۔ 30کلومیٹر کی سڑکات پر کام جاری ہے، چیچیاں دربار تک چک صادر روڈ مکمل کروائیں گئے۔ کھڑی شریف دربار کی اپ گریڈیشن کروائیں گئے، یہاں بائی پاس بنوایا جائے گا۔ رورل ہیلتھ سینٹر پنڈی سبھروال کی اپ گریڈیشن کریں گے۔ ایجوکیشن پیکج اور ہیلتھ پیکج کے لیے چوہدری ارشد حسین نے ساڑھے تین کروڑ منظور کروائے ہیں، حلقے میں بجلی کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ کھڑی شریف کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ چوہدری ارشد حسین آپ کے نمائندے ہیں جو حلقہ کھڑی شریف کی تعمیر و ترقی میں شبانہ روز مصروف عمل رہتے ہیں، میں انہیں اس حوالے سے وقتاً فوقتاً ہدایت بھی کرتا رہتا ہوں۔ 
خبر کا کوڈ : 1123556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش