0
Tuesday 19 Mar 2024 13:48

بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں سے جنوبی ایشیاء کے امن کو خطرہ لاحق ہے، حریت کانفرنس

بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں سے جنوبی ایشیاء کے امن کو خطرہ لاحق ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اس بات پر زور دیا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر پر بھارتی حکومت کی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہندوتوا پالیسیوں سے پورے جنوبی ایشیائی خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وسطی ایشیا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی بجائے، بھارت اپنی ہندوتوا پر مبنی کشمیر اور پاکستان مخالف پالیسیوں پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی کا حوالہ بھی دیا۔ حریت ترجمان نے غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنمائوں کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے ریاستی ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی اور کہا کہ 4 ہزار سے زائد حریت رہنمائوں، کارکنوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو جبری طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔

حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ جن میں حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد یوسف شاہ، سید شکیل یوسف شاہ، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، مشتاق الاسلام، امیر حمزہ، ڈاکٹر حمید فیاض، عبدالاحمد پرہ، نور محمد فیاض، حیات احمد بٹ، رفیق احمد شاہ، ایڈووکیٹ زاہد علی، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، رفیق احمد گنائی، ظہور احمد بٹ، عمر عادل ڈار، شبیر احمد ڈار، فردوس احمد شاہ، جہانگیر غنی بٹ، سجاد حسین گل، محمد یاسین بٹ، شمس الدین رحمانی، فیاض حسین جعفری، عادل سراج زرگر، سرجان برکاتی، اور انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1123572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش