1
Friday 5 Apr 2024 17:44

صیہونی رژیم اپنے ہی فتنوں کے منفی اثرات سے بچ نہیں پائے گی، جنرل سلامی

صیہونی رژیم اپنے ہی فتنوں کے منفی اثرات سے بچ نہیں پائے گی، جنرل سلامی
اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے چیف کمانڈر جنرل سلامی نے آج بروز جمعہ 5 اپریل 2024ء یوم القدس کے موقع پر تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ کے خطبات سے پہلے عظیم اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہا: "غاصب صیہونی رژیم ایسا خنجر ہے جو برطانیہ کے شیطانی اور فریبکار نظام نے 75 سال قبل امت مسلمہ کے بدن میں گھونپ دیا تھا اور اس کے بعد جرائم پیشہ امریکہ نے اس رژیم کو ایک سیاسی اور سیکورٹی ہتھکنڈے کے طور پر اسلامی دنیا کے خطے میں مزید تقویت دی تاکہ اپنی مجرمانہ اور سامراجی پالیسیوں کی تشکیل اور اجرا میں اسے ایک مہرے کے طور پر بروئے کار لا سکے۔" جنرل سلامی نے مزید کہا: "1945ء کی اس منحوس تاریخ سے لے کر آج تک غاصب صیہونی رژیم نے مغرب، خاص طور پر امریکہ کی شیطانی حمایت کے سائے تلے اپنا مصنوعی وجود باقی رکھا ہوا ہے اور اس دوران اس رژیم کے بے شمار مجرمانہ اقدامات نے فلسطین کی مسلمان قوم اور دیگر اسلامی اور عرب سرزمینوں کا امن اور سکون چھین کر انہیں دن رات شدید اذیت میں رکھا ہوا ہے۔"
 
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے چیف کمانڈر نے کہا: "ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی سے پہلے 1948ء، 1956ء، 1967ء اور 1973ء میں رونما ہونے والی جنگیں ایسی تھیں جو امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے غاصب صیہونی رژیم کے ذریعے شروع کروائیں اور ان کا مقصد فلسطین نامی سرزمین پر بسنے والی طویل تاریخ کی حامل فلسطینی قوم کو جلاوطن کر کے نکال باہر کرنا تھا۔" جنرل سلامی نے غاصب صیہونی رژیم کو امریکہ کی جانب سے اسلامی دنیا کے بدن میں ڈالے جانے والے زہر کا واضح مصداق قرار دیتے ہوئے کہا: "سیاسی عقل سے عاری امریکہ نے اس کھوکھلی رژیم کی حفاظت اور بقا کیلئے، جس کا خاتمہ ہر پہلو سے قابل حصول اور ممکن ہے اور خداوند متعال کے فضل سے قریب بھی ہے، بہت بھاری اور فراوان سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی نقصانات برداشت کئے ہیں۔ غاصب صیہونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات کی حمایت کے باعث آج امریکہ عالمی نفرت کا مرکز بن چکا ہے۔ امریکہ نے غاصب صیہونی رژیم کی بھرپور مالی اور لاجسٹک مدد کرنے کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قراردادوں کو ویٹو کر کے اس کی سیاسی مدد بھی کی ہے۔ مزید برآں امریکہ نے نفسیاتی لحاظ سے بھی غاصب صیہونی رژیم کی بھرپور حمایت کر کے اسلامی دنیا پر اس کا تسلط قائم کرنے کے ذریعے مسلمانوں پر اپنی مرضی ٹھونسنے کی کوشش کی ہے۔ ان تمام اقدامات کے باعث امریکہ کا سیاسی اور اخلاقی چہرہ خطے اور دنیا میں زوال پذیر ہوتا جا رہا ہے۔"
 
جنرل سلامی نے کہا کہ امریکہ اپنی توجہ معیشت سے ہٹا کر مشرقی بحیرہ قلزم کی سلامتی پر مرکوز کرنے پر مجبور ہو چکا ہے جس کے باعث اس کے زوال میں تیزی آ رہی ہے لیکن پھر بھی وہ اس رژیم کو چھوڑنے پر راضی نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا: "آج غاصب صیہونی رژیم امریکہ کی جانب سے دی جانے والی مصنوعی سانسوں سے زندہ ہے۔ وہ امریکہ کے سیاسی، سیکورٹی اور نفسیاتی آئی سی یو وارڈ میں داخل ہو چکا ہے اور مشینوں کی مدد سے سانس لے رہا ہے اور جب بھی مصنوعی سانس کی یہ مشینیں صیہونی رژیم کی ناک سے ہٹا لی جائیں گی اس کی زندگی ختم ہو جائے گی اور اس کا خاتمہ ہو جائے گا اور عنقریب ایسا ہی ہونے والا ہے۔" سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر نے کہا: "اگر اسرائیل فلسطین سے جنگ جاری رکھتا ہے تو آخرکار فلسطینی عوام کی آسمانی مزاحمت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے گا اور اگر پسپائی اختیار کرتا ہے تب بھی اس کی شکست ہو گی۔" انہوں نے مزید کہا: "غزہ سے ہمیں ملنے والے پیغامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی مزاحمت جاری رکھنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ فلسطینی ہم سے کہتے ہیں کہ آپ مضبوط رہیں کیونکہ ہم صیہونی رژیم کو غزہ میں دفن کر دیں گے۔ صیہونیوں کی نجات کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ صیہونی جنگ اور زندگی میں سے ایک کا انتخاب نہیں کر سکتے، ان کے پاس واحد راستہ گھٹنے ٹیک دینے کا ہے۔"
 
جنرل سلامی نے کہا: "آج ہم خداوند متعال کے سچے وعدوں کی بنیاد پر عمل پیرا ہیں۔ خداوند متعال کبھی وعدہ خلافی نہیں کرتا اور ہمیشہ مسلمانوں کی نصرت اور مدد فرماتا ہے۔ آج غاصب صیہونی رژیم کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہئے کہ وہ شرارتوں کا دائرہ بڑھا کر اپنی سلامتی مزید بہتر نہیں بنا سکتی۔" سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے چیف کمانڈر نے کہا: "ہمارے عظیم رہبر اور انقلاب کے علمدار (آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی) نے فرمایا ہے کہ ہمارے سپوت غاصب صیہونی رژیم کو سزا دیں گے۔ یہ رژیم اپنے ہی پیدا کردہ فتنوں کے منفی اثرات سے بچ کر نہیں جا سکتی۔ وہ سزا کے قریب ہے اور بخوبی جانتی ہے عنقریب کیا ہونے والا ہے۔ ہم خبردار کرتے ہیں کہ کسی بھی دشمن کی جانب سے ہمارے مقدس نظام کے خلاف کوئی بھی عمل بغیر جواب کے باقی نہیں رہے گا۔"
خبر کا کوڈ : 1126989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش