0
Tuesday 9 Apr 2024 20:09

شوال کا چاند نظر آگیا، پاکستان بھر میں عید الفطر کل ہوگی

شوال کا چاند نظر آگیا، پاکستان بھر میں عید الفطر کل ہوگی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا اور ملک بھر میں عید الفطر کل 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے شوال کے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، یکم شوال المکرم 1445 ہجری 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کی اکثر حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں، اس لیے عید کل منائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی، دیر، فیصل آباد، اسکردو اور دیگر علاقوں میں چاند دیکھا گیا۔ اس موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ہی دن عید ہونے کی وجہ سے عالم اسلام کو ’اتحاد کا پیغام‘ مل رہا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک میں کل بروز بدھ عید الفطر منائی جائے گی، تاہم بھارت اور بنگلا دیش میں چاند نظر نہیں آیا جہاں عید الفطر جمعرات کو منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی اموراسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی 25 شہادتیں موصول ہوئیں، مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں ان شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔ زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے اجلاس میں مفتی محمد اسحٰق ساقی الازہری، مولانا محمدعارف سیالوی، مولانا شفیق احمد پسروری اور دیگر علما شریک ہوئے۔ اجلاس میں تکنیکی معاونت ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب شاہد عباس نے کی۔ پشاور میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، شہر میں موسم ابر آلود رہا۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا اجلاس بھی ہوا، اجلاس کی صدارت خطیب بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی نے کی۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی، محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، کوہلو، لورالائی، ژوب اور جیونی میں چاند نظر آنے کی اطلاعات سامنے ائیں۔ کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔ زونل کمیٹی کراچی کے سربراہ حافظ محمد سلفی نے کہا کہ کمیٹی کو اب تک چاند نظر نہیں آیا، دیکھنے کی کوشش جاری ہے، رویت کی صورت میں مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ ملک میں عیدالفطر کا چاند آج 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں رویت کا دورانیہ 6 بج کر 19 منٹ سے 7 بج کر 21 منٹ تک ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو گی اور اس روز چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو گی۔ غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا اور اس دن مطلع صاف ہونے کے پیش نظر 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور اس طرح عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی حکومت پہلے ہی عید الفطر کے لیے 4 تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات 10 اپریل (بدھ) سے 13 اپریل (ہفتہ) تک ہوں گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تعطیلات کے دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1127771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش