0
Wednesday 10 Apr 2024 19:15

عید الفطر عدل و مساوات، امن و بھائی چارہ اور صبر و شکر کا پیغام ہے، جماعت اسلامی ہند

عید الفطر عدل و مساوات، امن و بھائی چارہ اور صبر و شکر کا پیغام ہے، جماعت اسلامی ہند
اسلام ٹائمز۔ عید الفطر کے مبارک موقع پر اہل وطن کے نام میڈیا کو جاری اپنے پیغام میں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہم نے رمضان مکمل کرلیا ہے اور عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، تمام اہل وطن کو عید کی خوشیاں مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم موقعے پر ہمیں یہ جائزہ لینا ہے کہ رمضان کے روزوں کے کتنے مقاصد ہم نے حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں ہر عبادت کا ایک ظاہری پہلو ہوتا ہے اور ایک باطنی و روحانی۔ روحانی پہلو کے شعور کے بغیر عبادت کرلی جائے تو بظاہر عبادت تو ہوجاتی ہے لیکن اصل مقصد حاصل نہیں ہوتا۔ رمضان کے روزے رکھتے ہوئے ہم دن بھر کھانے، پینے سے رُکے رہیں، لیکن یہ یاد نہ رہے کہ روزے سے ہمیں اپنی شخصیت، دل کی کیفیت، مزاج، کردار اور رویے میں کیا تبدیلی لانی ہے تو بھوکا و پیاسا رہنے کے باوجود ہم روزے کے مقاصد سے محروم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی تکمیل پر ہمیں پوری سنجیدگی سے جائزہ لینا ہے کہ یہ چاروں صفات ہمارے اندر کس حد تک پروان چڑھی ہیں۔

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ روزہ جذبات و خواہشات پر کنٹرول کرنا سکھانا ہے، جبکہ بے صبری انسان کو خواہشات کا غلام بنا دیتی ہے جس سے انسان میں کئی برائیاں جنم لیتی ہیں۔ قرآن کی تعلیمات کے مطابق روزے کا مقصد تقویٰ، شکر، ہدایت، اللہ کی کبریائی بیان کرنا اور ناموافق حالات میں صبر کرنا ہے، یہی حاصلِ رمضان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ صفات امت مسلمہ میں پیدا ہوجائیں تو یقینا یہ امت ناقابل تسخیر، سب سے بااثر امت بن جائے، پھر امامت، قیادت، عروج اور سربلندی قدم قدم پر اس کا استقبال کرے گی۔ ملک کے موجود حالات میں سب سے زیادہ ضرورت انہی صفات کی ہے، جب مشکلات اور آزمائشیں آتی ہیں تو یہ اللہ کی طرف سے قوموں کے حالات کو بدلنے، ان کی اصلاح اور بڑی ذمہ داریوں کو اٹھانے کے قابل بنانے کے لئے آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے رمضان کے روزوں سے صحیح سبق اور تربیت حاصل کی تو انشاء اللہ ہم پہلے سے زیادہ طاقتور اور مضبوط بنیں گے۔

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ یہ عید ایک ایسے موقع پر آئی ہے جب عالم اسلام ایک فیصلہ کن، لیکن دردناک مرحلے سے گزر رہا ہے، فلسطین میں ہمارے بھائی جرأت و حوصلے اور شہادتوں کی لازوال تاریخ رقم کررہے ہیں۔ فلسطین کی صورتحال نے نام نہاد امن کے علمبردار ممالک کی منافقت، نسل پرستی اور ان کی وحشت کو ظاہر اور ان کی شیطنت کو بے نقاب کردیا ہے۔ فلسطینی بھائیوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی نصرت فرمائے اور اپنے فضل و کرم سے انہیں اور ان کے شہر و ملک کو پھر سے آباد و شاداب کرے اور جو شہید ہو چکے ہیں، ان کی شہادتوں کو قبول فرمائے، مسجد اقصیٰ کی ظالموں کی دست درازیوں سے حفاظت کرے اور پوری دنیا میں امن و امان قائم فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 1127887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش