0
Tuesday 16 Apr 2024 20:19

کشمیر کے سابق وزراء اعلٰی ایک دوسرے کے خلاف پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف

کشمیر کے سابق وزراء اعلٰی ایک دوسرے کے خلاف پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے سیاسی منظرنامے میں بتدریج شدت دیکھی جا رہی ہے کیونکہ پانچ اہم شخصیات پارلیمانی انتخابات 2024ء میں انتخابی بالادستی کے لئے مقابلہ کر رہی ہیں جن میں تین سابق وزرائے اعلیٰ، ایک مرکزی وزیر اور ایک سابق مرکزی وزیر شامل ہیں۔ موجودہ انتخابی منظرنامے میں محبوبہ مفتی اور غلام نبی آزاد کے درمیان زبردست مقابلہ ہونے والا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے اپنی انتخابی توجہ سرینگر کی روایتی نشست کے بجائے بارہمولہ کی جانب منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تین بار رکن پارلیمان کی حیثیت سے خدمات انجام دینے اور مرکزی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھانے کے بعد عمر عبداللہ انتخابی میدان میں کافی تجربہ رکھتے ہیں۔ بارہمولہ سے ان کے مدمقابل جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے سجاد لون اور عوامی اتحاد پارٹی کے انجینئر رشید ہیں، دونوں کی اپنی مضبوط سیاسی بنیاد اور اپنے اپنے علاقہ جات میں کافی اثر و رسوخ ہے۔

جموں اور سرینگر کے علاوہ ادھم پور، اننت ناگ راجوری اور بارہمولہ کے حلقے سخت مقابلے کی وجہ سے فوکل پوائنٹس بن گئے ہیں، ان حلقوں میں مقابلہ خاصا اہم ہے۔ دریں اثنا نیشنل کانفرنس نے اس بار اپنے امیدواروں کی لائن اپ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے کشمیر کی تینوں نشستوں کے لئے نئے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ پارٹی کا خیال ہے کہ حلقہ بندیوں کے بعد نئے امیدواروں کا تعارف انتخابی جنگ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا اور ان کی جیت کے امکانات کو بڑھا دے گا۔ اس دوران پارٹی نے اننت ناگ کے لئے میاں الطاف، سرینگر کے لئے آغا سید روح اللہ مہدی اور بارہمولہ پارلیمانی سیٹ کے لئے عمر عبداللہ کو نامزد کیا ہے۔ جموں و کشمیر (بشمول لداخ) میں 2019ء کے عام انتخابات چھ نشستوں کے لئے ہوئے تھے۔ ووٹنگ کا عمل پانچ مرحلوں میں 11، 18، 23، 29 اپریل اور 6 مئی 2019ء کو منعقد ہوا۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے قبل یہ اس خطے میں ہونے والے آخری عام انتخابات تھے۔ اسی سال 5 اگست کو دفعہ 370 کو منسوخ کر دیا گیا اور جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1129072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش