0
Friday 11 Nov 2011 18:55

پاکستان بہتر زندگی میں یمن اور سوڈان سے بھی پیچھے

پاکستان بہتر زندگی میں یمن اور سوڈان سے بھی پیچھے
اسلام ٹائمز۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک پاکستان لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے حوالے سے عالمی لحاظ پہ 107 ویں نمبر پر ہے جب کہ معاشی مسائل اور بدامنی کی وجہ سے پاکستانی عوام کو آگے بڑھنے اور خوشحال زندگی گزارنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لیگاٹم انسٹی ٹیوٹ آف لندن کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں عوام کو مواقع فراہم کرنے اور زندگی بہتر بنانے کے حوالے سے دنیا کے 110 ممالک میں سے جنوبی ایشیا کا اہم ترین ملک پاکستان 107 ویں نمبر پر ہے جب کہ دنیا بھر میں مالی مسائل اور بدامنی جیسے مسائل کا شکار کئی ممالک کارکردگی میں پاکستان سے بہتر ہیں۔
اسلام ٹائمز کو دستیاب رپورٹ کے مطابق سروے میں دنیا کے 110 ممالک کے لوگوں کی زندگی کا جائزہ لیا گیا، سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی عوام کی زندگی دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ مسائل کا شکار اور پریشانیوں میں گھری ہوئی ہے۔ پاکستان لوگوں کو مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے دنیا کے 110 ممالک میں 86 ویں نمبر پر ہے جب کہ معاشی لحاظ اور صحت کی سہولتوں کے حوالے سے پاکستان کا 96 واں نمبر ہے، ملک میں کرپشن، میرٹ کے قتل عام اور سفارش کی وجہ سے لوگوں کو آگے بڑھنے کے مواقع کم ملتے ہیں جس کے باعث محنتی اور اہل لوگوں کی زندگی میں بہتری نہیں آتی۔
رپورٹ کے مطابق سیاسی مسائل کے شکار ملک پاکستان میں جمہوری حکومت ہونے کے باوجود گڈ گورننس نظر نہیں آتی اور دنیا کے 110 ممالک میں گڈ گورننس کے حوالے سے پاکستان 98 ویں نمبر پر ہے، سماجی مسائل کے لحاظ سے 18 کروڑ آبادی والے ملک پاکستان کا 100 واں نمبر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کرنے والا ملک پاکستان عام آدمی کے جان و مال کی حفاظت اور ملک میں امن قائم کرنے کے حوالے سے 109 ویں نمبر پر ہے، شخصی آزادی میں 104 اور تعلیمی لحاظ سے 105 ویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی لوگ مذہبی روایات کے مطابق زندگی گزارنے سے مطمئن نظر آتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تعلیم اور صحت جیسی اہم بنیادی ضروریات کیلئے محدود بجٹ مختص کرنے سے لوگ بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ دستیاب رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لوگوں پر سماجی پابندیاں عائد ہیں اور ملک کی اکثر آبادی آزاد زندگی گزارنے سے محروم ہے جب کہ شہری علاقوں کی نسبت دیہی علاقوں میں زائد سماجی پابندیاں عائد ہیں، پاکستان میں موروثی اور غیر احتسابی سیاسی نظام کے باعث ملک میں گڈ گورننس نہیں جس سے عام لوگوں کی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔
خبر کا کوڈ : 113121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش