0
Monday 14 Nov 2011 19:12

مفاہمت کی سیاست لعنت بن چکی ہے، ممتاز بھٹو

مفاہمت کی سیاست لعنت بن چکی ہے، ممتاز بھٹو
اسلام ٹائمز۔ سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ سردار ممتاز بھٹو نے کہا ہے کے مفاہمت لعنت بن چکی ہے ایم کیو ایم کو قتل کرنے کا سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے جب کے مسلم لیگ ق کو 12 ارب روپے رشوت دے کے زرداری نے ساتھ ملایا ہے۔ لاڑکانہ میں پارٹی کارکنان و سینئر وکلا عبدالستار بھٹو اور عبدالوہاب بھٹو کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر کے بعد ایس ایس پی لاڑکانہ کے خلاف نکالے جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان میں زرداری نے رشوت پھیلا رکھی ہے۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ زرداری نے رشوت کا سلسلہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے قائم کیا ہوا ہے جب کہ وہ نہیں جانتا کہ حکومت کا وقت ختم ہوگیا ہے اور وہ گرتی ہوئی دیوار ہے جس کو دھکا دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔
سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے امریکی صدر اوباما سے بھیک مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صدر نے سیاست میں رشوت کو اس قدر عام کردیا ہے کہ ملکی سیاست تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اور لوگ خود کو سیاست دان کہلاتے ہوئے بھی شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ سرکاری افسران اس وقت پیپلز پارٹی کی غلامی کر رہے ہیں، لاڑکانہ پولیس کو ٹارگٹ دیا گیا کہ وہ سندھ نیشنل فرنٹ کے کارکنان اور ممتاز بھٹو کے خاندان کے خلاف کارروائیاں کریں، حکمران اور ایس ایس پی لاڑکانہ سن لیں بھٹو خاندان نے جنرل ضیا، یحیی خان اور مشرف  کو بھی مقابلہ کرکے ناکام کیا اور موجودہ ہتھکنڈوں کو بھی ناکام کردیں گے۔
انہوں نے کہا کے بھٹو خاندان حلال کمانے اور کھانے کے ساتھ ساتھ صحیح کاروبار کرتا ہے، اگر ہم کوئی غیر قانونی کاروبار یا کام کرتے ہیں تو ہمارے خلاف کارروائی کریں، اگر ایسا نہیں تو کارروائی کرنے والے سن لیں کہ ان کو چھپنے کے لیے جگہ بھی نہیں ملے گی اور ڈھونڈ ڈھونڈ کو ان سے بدلہ لیں گے۔ انہوں نے سرکاری افسران کو انتباہ کیا کے وہ آمروں اور جابروں کے سامنے جھکنے کے بجائے عقل سے کام لیں۔ ممتاز بھٹو نے اعلان کیا کہ سندھ بھر میں جہاں بھی سندھ نیشنل فرنٹ کے کارکن کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا جائے گا وہاں شدید احتجاج کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 113956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش