0
Friday 25 Nov 2011 00:58

ہنگو میں بدامنی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، آئی جی فرنٹئیر کور

ہنگو میں بدامنی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، آئی جی فرنٹئیر کور
 اسلام ٹائمز۔ آئی جی فرنٹئیر کور میجر جنرل نادر ذیب خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا پر امن انعقاد ہر صورت یقینی بنا یا جائیگا، حساس ترین اضلاع میں سر فہرست ضلع ہنگو میں بدامنی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے تاہم محرم الحرام کے ایام میں دہشت گردی کے خطرات خارج از امکان نہیں، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ہنگو میں سکیورٹی پلان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا، جس میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن صاحبزادہ محمد انیس، ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن محمد مسعود خان آفریدی، بریگیڈئیر طارق امان، پی اے کرم ایجنسی شہاب اللہ، پی اے اورکزئی ایجنسی خوشحال خان، ڈی سی او ہنگو عبد الکمان خٹک، ڈی پی او ہنگو عبد الرشید خان اور میجر افضال سمیت دیگر فوجی حکام بھی موجود تھے، اجلاس میں کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ، ڈی سی او اور ڈی پی او ہنگو نے ضلع ہنگو میں امن وامان کی موجودہ صورتحال اور محرم الحرام کے حوالے سے مرتب کر دہ سکیورٹی پلان پر فرداً فرداً بریفنگ دی اور اپنی تجاویز و آراء سے آئی جی فرنٹئیر کور کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں مقامی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر سنجیدگی سے غور کیا گیا، آئی جی ایف سی نادر ذیب نے ہنگو کی موجودہ سکیوٹی صورتحال اور انتظامی منصوبہ بندی پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ہنگو میں محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے سلسلے میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہے گی اور فوج سٹینڈ بائی رہے گی، انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور شر پسند عناصر سے نہایت ہی سختی سے نمٹنے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، مجالس اور جلوسوں کے اوقات کی پابندی اور مقررہ روٹس کاخاص خیال رکھا جائیگا، یوم عاشورہ کے موقع پر ہنگو شہر سیل رہیگا اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شہر کی فضائی نگرانی کی جائیگی اسکے علاوہ حساس مقامات اور ضلع کے گرد واقع پہاڑی چوٹیوں پر سیکیورٹی فورسز کے دستے تعینات رہیں گے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹینک، بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں اور پولیس، ایف سی اور سکائوٹس کے مشترکہ سکواڈ کی گاڑیوں کا فلیگ مارچ جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پیادہ اور موبائل گشت بڑھا کر داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے، بارودی مواد کی شناخت اور مشکوک افراد کی نشاندہی کے لیے بی ڈی ایس ٹیم کو جدید آلات مہیا کیے گئے ہیں اور شہر میں قانون نافذ کرنے والے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کا جال بچھا دیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کی فلم بندی کے علاوہ گاڑیوں اور لوگوں کی تلاشی کے لیے سراغ رساں کتوں کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں، انہوں نے عشرہ محرم کے پر امن انعقاد کے سلسلے میں علاقائی ذمہ داری کے تحت عوام سے حکومتی تعاون کی اپیل کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 116945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش