0
Sunday 25 Dec 2011 19:44

مہران بیس اور جی ایچ کیو حملہ میں امریکہ ملوث ہے، امریکی مداخلت اور غلامی سے فوری نجات حاصل کی جائے، سید منور حسن

مہران بیس اور جی ایچ کیو حملہ میں امریکہ ملوث ہے، امریکی مداخلت اور غلامی سے فوری نجات حاصل کی جائے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام ملک میں مہنگائی اور کرپشن کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں چار مرتبہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئی مگر عوام کو روٹی کپڑا اور مکان سے دور کر دیا گیا، نواز شریف اقتدار میں آئے اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا، صدر آصف علی زرداری کے ہوتے ہوئے ملک سے مہنگائی کرپشن اور دیگر مسائل ختم نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کا مقصد لوگوں کو باآور کرایا جائے کہ جن لوگوں کو آپ نے پانچ پانچ مرتبہ ووٹ دیئے اور انہیں منتخب کیا اور انہوں نے آپ کو مسائل دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام جدوجہد کیلئے تیار رہیں، جماعت اسلامی نے ملک میں تبدیلی کیلئے جدوجہد شروع کر دی ہے، حکمرانوں نے عوام کو صرف مہنگائی اور بیروزگاری کے تحفے دیئے ہیں میں عوام سے کہوں گا کہ دھوکہ دینے والوں کو آئندہ ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے چہرے نعروں اور لبادوں میں سامنے آتے رہے ہیں اور پرانے چہرے نئے ماسک چڑھا کر دھوکہ دیتے رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی ساری کمائی چند بڑے خاندانوں کے گرد گھوم رہی ہے اور اقتدار میں کرپٹ لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، سیاستدان بار بار عوام سے وعدہ کر کے ان کو دھوکہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور (ق) لیگ میں شامل لوگ اب تحریک انصاف میں جا رہے ہیں۔ منور حسن نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ امریکی مداخلت اور غلامی ہے امریکہ افغانستان میں ناکام ہو چکا ہے، امریکہ اور نیٹو کو نہتے لوگوں نے شکست دی، ہمیں بھی امریکہ سے نجات حاصل کرنی چاہیے کیونکہ امریکہ مہران بیس اور جی ایچ کیو حملے میں ملوث ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مذہبی لوگ محب وطن ہیں میڈیا کوریج میں ہمارے ساتھ انصاف نہیں کر رہا، کراچی میں تحریک انصاف کا جلسہ صبح سے دکھایا جا رہا ہے مگر ہمارے دھرنے کو خاص کوریج نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ میمو گیٹ پاک فوج کو رسوا کرنے کیلئے تیار کیا گیا میں چیف جسٹس صاحب کی توجہ اس طرف مرکوز کرانا چاہوں گا کہ اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر میمو گیٹ کے تناظر میں تھی، ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ میمو گیٹ پر جلد از جلد فیصلہ دے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں لاقانونیت دور دور تک پھیلی ہوئی ہے ہم کمزور نہیں شریف لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو سہارا دیتے رہے ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 125055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش