0
Tuesday 20 Oct 2009 11:44

کیری کی نوازشریف سے ملاقات،بل کی شرائط پر تحفظات ختم کئے جائیں:قائد مسلم لیگ ن

کیری کی نوازشریف سے ملاقات،بل کی شرائط پر تحفظات ختم کئے جائیں:قائد مسلم لیگ ن
اسلام آباد:امریکی سینٹ میں خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین جان کیری نے پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان اور سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر محمد اسحٰق ڈار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران جان کیری نے کیری لوگر بل کے بارے میں اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دیا اور وضاحت کی کہ کیری لوگر بل میں پاکستان کی قومی سلامتی پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔ امریکی امداد پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ میاں نوازشریف نے جان کیری کو کیری لوگر بل کے بارے میں پاکستان کے عوام میں پائے جانے والے تحفظات سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ بل کی شرائط عوام میں تشویش پیدا کرنے کا باعث ہیں لہذا ان شرائط کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بھروسہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات قائم کئے جائیں۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میں بل کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات دور کئے جائیں۔ نوازشریف نے سینیٹر جان کیری سے کہا کہ پاکستان،امریکہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے انہوں نے اوباما انتظامیہ اور امریکی کانگریس پر زور دیا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ باہمی عزت و اعتماد پر مبنی تعلقات قائم کرے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر جان کیری نے کہا کہ اس بارے میں پاکستان کے عوام کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو پیش نظر رکھ کر مستقبل میں فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے مسلم لیگی قیادت کو یقین دلایا کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا اور نہ ہی اس بل کے تحت پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام پر قدغن لگانے کا کوئی ارادہ ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو کیری لوگر بل کی بعض شقوں پر شدید تحفظات ہیں۔ لہذا امریکی کانگریس کو ان شرائط کو ختم کرنے کے لئے قانون میں ترمیم کی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا اور ایسی قانون سازی سے گریز کرے گا جس سے پاکستان کا وقار مجروح ہو۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے ارکان کی اکثریت نے کیری لوگر بل کی بعض شرائط پر تنقید کی اور ان پر نظرثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ امریکہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو غیر مشروط امداد فراہم کرنی چاہئے۔ شرائط عائد کر کے بد اعتمادی کا ماحول پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ کیری لوگر بل سے متعلق امریکہ کی طرف سے جاری ہونے والے وضاحتی بیان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے دیگر سیاسی جماعتوں کو معاشی صورتحال بہتر بنانے اور ملک کو معاشی طور پر خود انحصاری کی طرف لے جا نے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ اس حوالے سے ہماری جماعت نے کافی ہوم ورک بھی کیا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے جلد باضابطہ رابطے بھی کئے جائیں گے۔ کیری نے نوازشریف کو یقین دہانی کرائی کہ وہ وطن واپسی پر کیری لوگر بل سے متعلق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کے اندر پائے جانے والے تحفظات کو صدر باراک اوبامہ اور امریکی سینٹ کے سامنے پیش کریں گے۔نوازشریف نے امریکی سینیٹر جان کیری پر واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کیری لوگر بل کو موجودہ حالت میں قبول نہیں کرتی،پاکستان کسی کو اپنے اندرونی معاملات کی مائیکرو مینجمنٹ کی اجازت نہیں دے سکتا،امریکہ مدد کا خواہاں ہے تو اس بل میں ہماری قومی سلامتی سے متصادم ایسی شرائط نہ رکھے۔جن سے مشکلات پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کیری لوگر بل سے متعلق امریکہ کی طرف سے جاری ہونے والے وضاحتی بیان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) نے دیگر سیاسی جماعتوں کو معاشی صورتحال بہتر بنانے اور ملک کو معاشی طور پر خود انحصاری کی طرف لے جا نے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی پیشکش کی ہے۔

خبر کا کوڈ : 13511
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش