0
Saturday 4 Feb 2012 22:00

ہمیں کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنی چاہئے، قائم علی شاہ

ہمیں کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنی چاہئے، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر اور کشمیر کے عوام کیلئے بھرپور ساتھ اور اظہار یکجہتی پاکستان کے عوام کیلئے باعث افتخار ہے جبکہ موجودہ حکومت نے کشمیر کاز کیلئے جدوجہد کی ہے اور کشمیر کے عوام کی فلاح اور بہبود کیلئے نمایاں کام کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے " یوم یکجہتی کشمیر " کے موقع پر جاری ہونے والے ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ کی طرح ہے اور کشمیری عوام قابض قوتوں کے خلاف جو جدوجہد کر رہے ہیں وہ نہ صرف پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ کے بچے بچے کیلئے ایک مثال کی مانند ہے۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ہمیں کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور ہمیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان و دیگر شمالی علاقوں کی ترقی اور بہتری کیلئے شب و روز کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلٰی سندھ نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دینا چاہئے تاکہ کشمیری عوام اپنی منزل کا خود تعین کرسکیں۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ کے ہر شہر و گاؤں میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا جائے گا کیونکہ ہماری پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ کمشیری عوام کے حقوق اور جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کی عظیم بیٹی شہید بینظیر بھٹو نے بھی کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھی غلامی کی زنجیروں سے آزاد ہوکر آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 135420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش