0
Saturday 25 Feb 2012 01:42

پارلیمانی ڈپلومیسی سے پاکستان و بھارت کے تعلقات میں خلیج ختم ہو گی، بھارتی اسپیکر

پارلیمانی ڈپلومیسی سے پاکستان و بھارت کے تعلقات میں خلیج ختم ہو گی، بھارتی اسپیکر
اسلام ٹائمز۔ ہندوستانی لوک سبھا کی اسپیکر میرا کمار نے ۱۷ رکنی وفد کے ساتھ لاہور میں پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا۔ اور سپیکر رانا محمد اقبال خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بھارت کے عوام کو قریب لانے اور مشترکہ مسائل کے حل کے لئے دو طرفہ پارلیمانی وفود کے تبادلے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوستانی لوک سبھا کی سپیکر میرا کمار نے اپنے دورے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کی لوک سبھا کی پہلی سپیکر ہیں جنہوں نے پنجاب اسمبلی لاھور کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی عوام کی طرف سے پاکستان کے عوام کے لئے نیک تمنائوں کا پیغام لے کر آئی ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اپنے تعلقات کے تناظر میں ماضی کی طرف دیکھنے کی بجائے آگے کی طرف دیکھنا چاہیے۔ تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر ہو۔ 

میرا کمار نے کہا کہ جہالت، مہنگائی، اور دہشت گردی دونوں ممالک کے عوام کی دشمن ہیں۔ ان کے خلاف جنگ کرنا اور جیتنا ہو گی۔ بھارتی لوک سبھا کی اسپیکر نے کہا کہ وہ ہندوستانی عوام کو بتائیں گی کہ پاکستانیوں کے دل میں ان کے لئے کتنی محبت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کو صرف دوستی ہی نہیں بھائیوں جیسا رشتہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ 

قبل ازیں اسپیکر رانا محمد اقبال خان نے اسپیکر لوک سبھا میرا کمار سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اپنے اندرونی معاملات پر بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی خود مختاری کا احترام کیا جائے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے تعلقات میں بہتری پیدا ہو گی۔ تمام مسائل گفت و شنید سے طے ہو سکتے ہیں۔ دنیا میں امن دیکھنا چاہتے ہیں تاہم ملکی سالمیت اور استحکام کو اولیت دیتے ہیں۔ 

اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ مسائل کے باجود جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے۔ ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ اسلام اخوت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ خطہ میں امن و امان قائم کرنے کے لیے بھارت اور پاکستان کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے۔ غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے دونوں ممالک مل کر جدوجہد کریں۔ صنعت و تجارت، ٹیکنالوجی، زراعت، لائیو سٹاک اور دیگر فیلڈز میں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ وزیراعلی میاں شہباز شریف نے مشکلات کے باوجود تعلیم، صحت اور دیگر شعبہ جات میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ وہ اداروں کی مضبوطی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ رانا اقبال خاں نے وفد کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے اپنے چار سالہ دور میں مفاد عامہ سے متعلق ۸۹ قوانین پاس کر کے ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ 

میرا کمار نے کہا کہ پارلیمانی ڈپلومیسی سے پاکستان و بھارت کے تعلقات میں خلیج ختم ہو گی اور ایک دوسرے کے قریب آ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ہمارے مسائل ایک جیسے ہیں ہمیں یہ مسائل مل جل کر حل کرنے چا ہیئیں۔انہوں نے  پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ بھارتی سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا ایوان بھی دیکھا۔ اس موقع صوبائی وزراء اور ارکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ وفد نے پاکستانی عوام کا والہانہ استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں رانا محمد اقبال خاں نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ بھارتی مہمانوں نے مینار پاکستان اور گوردوارہ دربار صاحب کا بھی دورہ کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 140534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش