0
Tuesday 28 Feb 2012 23:06

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے سانحہ کوہستان کی ذمہ داری خیبر پختونخوا حکومت پر عائد کردی

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے سانحہ کوہستان کی ذمہ داری خیبر پختونخوا حکومت پر عائد کردی

اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیراعلٰی سید مہدی شاہ نے سانحہ کوہستان کی ذمہ داری خیبر پختونخوا حکومت پر عائد کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے گلگت بلتستان کی حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے شاہراہ قراقرم کو سفر کے لئے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ خیبر پختونخوا کے علاقے ہربن داس میں پیش آیا، اسلیے اس واقعہ کی ذمہ داری بھی خیبر پختونخوا حکومت پر عائد ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ داسو سے بھاشا اور بٹل سے بٹگرام تک کے علاقے جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں اور آئے روز ان علاقوں سے مسافر بسوں کو لوٹنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی اور گورنر کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ واقعہ کے ذمہ داروں کی گرفتاری اور شاہراہ قراقرم کو محفوظ بنانے کے سلسلہ میں دباؤ ڈالا جا سکے، انہوں نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ کی بدترین کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں دفعہ 144 کا نفاذ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لئے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی امیر حیدر خان ہوتی نے گلگت بلتستان کے وزیراعلٰی سید مہدی شاہ سے فون پر رابطہ کرکے اُن سے آج صبح راولپنڈی سے گلگت جانے والی بس پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے اس بزدلانہ اور ظالمانہ کارروائی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسان کہلانے کے حقدار نہیں، خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کو اس اندوہناک  سانحے پر دکھ اور صدمہ ہوا ہے اور وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو ہرحال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا چاہے ان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہو یا گلگت بلتستان سے، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے مجرموں کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

خبر کا کوڈ : 141603
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش