0
Saturday 28 Apr 2012 20:27

شہباز شریف اسمبلی کے رکن ہی نہیں، پنجاب حکومت کی چھٹی کرا سکتے ہیں، لطیف کھوسہ

شہباز شریف اسمبلی کے رکن ہی نہیں، پنجاب حکومت کی چھٹی کرا سکتے ہیں، لطیف کھوسہ
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نواز شریف لکھ رہے ہیں یا ان کی ہدایات پر لکھا جا رہا ہے؟ سپریم کورٹ خود کو عدالت عظمی سمجھنے والوں کے خلاف نوٹس لے، بابر اعون کسی کی ایما پر کام کر رہے تھے، وہ پارٹی کے لیے میر جعفر اور میر صادق ثابت ہوئے۔ گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم گیلانی کو اپیل کا حق حاصل ہے اس لئے قانونی طور پر انہیں سزا یافتہ کہنا درست نہیں عدلیہ کے فیصلے پر گورنر پنجاب نے کہا کہ طویل سماعت کے بعد مختصر اور عبوری فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، وزیراعظم کی اہلیت کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ سول ججز کی طرح اعلی عدلیہ میں ججز کی تعیناتی بھی امتحان کے ذریعے ہونی چاہیے مسلم لیگ ن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود ہی سپریم کورٹ بن گئے اور خود ہی فیصلے پر عملدرآمد کرانے والے بھی جبکہ چودھری نثار وزیراعظم کو اسمبلی میں بیٹھنے سے روکنے کا اعلان کر کے خود بھاگ گئے، ن لیگ نے اپنے دور میں کوئٹہ آپریشن کے ذریعے فنکشنل چیف جسٹس کو غیر فعال کرنے والے کو بطور انعام صدر بنا دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اسمبلی کے رکن ہی نہیں اس لیے وہ ان کو وزیراعلی ہی نہیں مانتے۔ پنجاب کابینہ اور حکومت غیرآئینی اور غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف کیسز کی سماعت فوری شروع کر دی جاتی ہے جبکہ پنجاب حکومت کے خلاف ہماری اپیل دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود زیرالتوا ہے شہباز شریف کا کبھی ہاتھ اور کبھی دماغ گھومتا ہے تاہم ان کے لیے دعاگو ہوں، کہیں ان کی شریان ہی نہ پھٹ جائے، نواز شریف خود تو اسمبلی میں آنا بھی پسند نہیں کرتے، مسلم لیگ ن کی سیاست اور سوچ صرف اپنی ذات کے بارے میں ہے، معلوم نہیں وہ کس قسم کی جمہوریت چاہتے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف فیصلہ آنے کے چند گھنٹوں بعد ملتان کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی فتح سے عوام کا فیصلہ سامنے آ گیا، بابر اعوان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر قانون کسی کی ایما پر کام کر رہے تھے، وہ پیپلز پارٹی کیلئے میر جعفر اور میر صادق ثابت ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 157220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش