0
Saturday 2 Jun 2012 01:19

خیبر پختونخوا کا 300 ارب روپے کا بجٹ تیار

خیبر پختونخوا کا 300 ارب روپے کا بجٹ تیار
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے نئے مالی سال کا تین سو ارب روپے کا بجٹ تیار کرلیا ہے، آٹھ جون کو صوبائی وزیر خزانہ ہمایون خان اسے اسمبلی میں پیش کرینگے۔ جبکہ تیس جون تک صوبائی بجٹ کو پاس کیا جائیگا۔ مالی خسارے کے پیش نظر ضمنی بجٹ بھی پیش کیا جائیگا۔ صوبائی حکومت نے اپنے اقتدار کا آخری سال ہونے کے باعث آئندہ ترقیاتی بجٹ میں سو ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے، خیبر پختونخوا حکومت کو وفاق کی جانب سے 78 ارب روپے کا ہدف دیا گیا تھا۔ دس ارب روپے سے زائد کے خسارے کا نیا ٹیکس فری بجٹ میں نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا ہے۔ سابق ادوار میں برطرف ہونے والے چار ہزار ملازمین کی بحالی کی جائیگی۔ 

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں مجموعی طور پر چالیس ہزار سے زائد افراد کو بھرتی کیا جائیگا۔ نئی بھرتیاں پولیس، محکمہ صحت، تعلیم سمیت مختلف صوبائی محکموں میں کی جائیں گی۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبے کو منتقل ہونے والے اڑھائی ہزار سے زائد ملازمین کو صوبوں کے مختلف محکموں میں ایڈجسٹ کرنے کی منظوری دی جائیگی۔ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجیز ملازمین کو مستقل کرنے کے علاوہ بیرون ممالک سرمایہ کاروں کے صوبے میں سرمایہ کے لئے خصوصی پیکج منظور کیا جائیگا۔ 

تین سو ارب سے زائد کے مجموعی طور پر تیار کئے جانے والے صوبائی بجٹ میں چالیس ہزار افراد کو خپلہ خوارہ خپل روز گار سکیم کے تحت صوبائی حکومت اراضی فراہم کریگی۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں باچا خان روز گار سکیم کے لئے بھی فنڈ میں اضافہ کیا جائیگا۔ نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے اجلاس کے لئے کابینہ کا اجلاس بھی آٹھ جون کو طلب کیا گیا ہے، جس میں بجٹ کی منظوری دی جائیگی اور اسی روز اسمبلی کے اجلاس میں بھی اسے پیش کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 167518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش