0
Friday 8 Jun 2012 22:18

کشمیر جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے آزاد ہو گا، کشمیر کانفرنس

کشمیر جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے آزاد ہو گا، کشمیر کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’کشمیر کانفرنس‘‘ مجید نظامی کی زیر صدارت لاہور میں ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، عوام نے اسلامک پاکستان کے لیے قربانیاں دی تھیں اور کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد اور کشمکش بھی اسلام کی بنیاد پر ہے، کشمیری بھی اس پاکستان سے ملنا چاہتے ہیں جو کلمے کی بنیاد پر حاصل ہوا، کشمیر جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے آزاد ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے اور موجودہ حالات نے ثابت کیا ہے کہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت کو جدید سے جدید ٹیکنالوجی بھی شکست نہیں دے سکی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اپنے اصل کی طرف رجوع کرے اور دنیا میں اس وقت جو انقلاب کی لہر ہے وہ پاکستان کے دروازوں پر بھی دستک دے رہی ہے، سیکولر قیادت پاکستان کو مغربی تہذیب کی طرف دھکیل رہی ہے اور مغرب کی آلہ کار بن کر پاکستان کے قومی موقف سے انحراف کرنے سے بڑھ کر پاکستان کے ساتھ کوئی غداری نہیں ہو سکتی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ آر پار کی قیادت مشرف کی پالیسیوں کو کندھا نہ دیتی تو آج کشمیر آزاد ہو چکا ہوتا، کشمیریوں نے تجربات کے بعد عسکری جدوجہد کا آغاز کیا تھا اور حالات نے ثابت کیا ہے کہ یہی مسئلے کا اصل حل ہے، بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے، بیس کیمپ کی حکومت نے بھارت جیسے دشمن کو موسٹ فیورٹ نیشن قرار دے کر شہداء کے خون سے غداری کی۔

رشید ترابی نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے معتدل لوگ بھارت کی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سراپا احتجاج ہیں اور اس کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان کی حکومت اور بیس کیمپ کی شکم پرست قیادت نے بھارت جیسے دشمن کو موسٹ فیورٹ نیشن قرار دیا جس کے اثرات نہ صرف تحریک آزادی کشمیر پر پڑے بلکہ پاکستان کے معاشی اور اقتصادی حالات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے، پاکستان کو موجودہ بین الاقوامی سطح پر سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھارت کو بے نقاب کرنے کے لیے ایسے مثبت حالات سے فائدہ اٹھانا وقت کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان کشمیر کو خارجہ پالیسی کا حصہ بنایا اور بھارت کے جرائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ اس موقع پر مجید نظامی نے کہا مسئلہ کشمیر جہاد کے ذریعے ہی حل ہو گا، پاکستان کے عوام کشمیریوں کی پشت پر ہیں، ہندو بنیا جہاد کے علاوہ کوئی بات نہیں مانے گا۔ کانفرنس سے سردار عتیق خان  شاہ غلام قادر جسٹس مجید ملک سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 169379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش