0
Friday 1 Jan 2010 12:10

بینظیر کا قاتل بیت اللہ محسود ہے،نوڈیرو میں غیر ریاستی عناصر کو مخاطب کیا،عاشورہ پر جواب ملا،آئی ایس آئی کو سویلین کنٹرول میں دینے کا معاملہ

بینظیر کا قاتل بیت اللہ محسود ہے،نوڈیرو میں غیر ریاستی عناصر کو مخاطب کیا،عاشورہ پر جواب ملا،آئی ایس آئی کو سویلین کنٹرول میں دینے کا معاملہ
کراچی:صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی طاقتیں چاہتی ہیں کہ آئی ایس آئی سویلین کنٹرول میں ہو تاہم فی الحال اسے سویلین کنٹرول میں دینے کا معاملہ روک دیا گیا ہے،نوڈیرو میں اپنی تقریر میں نان سٹیٹ ایکٹرز کو مخاطب کیا تھا جنہوں نے عاشورہ کے جلوس میں دھماکہ کر کے جواب دیا۔گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو میں زرداری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ذہنیت کا نام ہے جو مختلف طریقوں سے کام کرتی ہے جو کبھی لغاری،کبھی سجاد علی شاہ اور کبھی روئیداد خان کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے،ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی رائے کو ہمیشہ سنا گیا اور اس پر توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اداکار حکومت کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ اپوزیشن بھی میرے ساتھ فرینڈلی نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ میرے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں،بےنظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار بیت اللہ محسود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو صوبوں کے کنٹرول میں دینا نئے سال کا تحفہ ہے،امید ہے 90 دن کے اندر بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس سیاسی ہتھیار ہیں جنہیں وقت اور ضرورت کے مطابق استعمال کروں گا۔ زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ سے میری پہلی تقریر پر میریٹ ہوٹل پر جبکہ دوسری تقریر پر عاشورہ کے جلوس پر حملہ ہو گیا۔صدر نے کہا کہ ریاست کے سربراہ کے طور پر بھٹو کے قتل پر عوام سے معافی چاہتا ہوں۔اگر کسی صوبے سے زیادتی ہوئی ہے تو اس سے بھی معافی چاہتا ہوں،ایم کیو ایم کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں،این آر او پر اس کے فیصلے پر کوئی ناراضگی نہیں۔انہوں نے کہا کہ این آر او کا تفصیلی فیصلہ آنے پر عمل کیا جائے گا۔ایم آر ڈی کی تحریک میں سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر بھی معافی چاہتا ہوں،مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں تاہم ہوئے تو بلاول کو حصہ دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ میں تبدیلی کے لئے وزیراعظم نے کوئی بات نہیں کی۔صوبہ سندھ میں مزید ڈیم بنائے جائیں گے تا کہ پانی ضائع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے گا،مائنس ون کا فارمولا لالی پاپ ہے،پاکستان ہمارا گھر ہے ہمیں اسے بچانا ہے۔ مجھے معلوم ہے میری مقبولیت کم ہو رہی ہے تاہم تلخ فیصلے نہ کئے تو آنے والی نسلوں کو نقصان ہو گا۔سندھ کارڈ کا کوئی وجود نہیں،سندھ میں تیل اور دوسری معدنیات کو صوبے کے حوالے کر دیا جائے گا۔
بلاول ہاوس کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ سانحہ کراچی ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش ہے،اس سازش میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کریں گے۔ بزنس کمیونٹی کے نقصانات کے ازالے کے لئے وفاقی حکومت ہرممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ مارکیٹوں کی بحالی تک وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرہ تاجروں کے لئے زمینوں کی عارضی الاٹمنٹ کو ممکن بنائیں جہاں فی الفور کاروبار کا آغاز ہو سکے۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے،بےنظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا اور انہی کی شہادت کے بعد ملک میں طویل عرصہ کے بعد جمہوریت بحال ہوئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت تمام قومی معاملات پر اتحادی اور دیگر جماعتوں سے مشاورت کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 17770
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش