0
Wednesday 25 Jul 2012 17:18

پیپلز پارٹی سیاسی شہید بننے کیلئے اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء پیدا کر رہی ہے، سید وسیم اختر

پیپلز پارٹی سیاسی شہید بننے کیلئے اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء پیدا کر رہی ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سیاسی شہید بننے کے لئے اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء جان بوجھ کر پیدا کر رہی ہے، سپریم کورٹ قابل احترام ادارہ ہے، جس کی آزادی پر شب خون مارنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، بحرانوں کے شکار پاکستان میں خدا کے بعد عدلیہ سے ہی قوم کو امیدیں ہیں، ایک شخص کی کرپشن چھپانے کے لئے تمام آئینی و قانونی حدود کی پامالی کی جارہی ہے، ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ توہین عدالت قانون میں وہی اضافہ ممکن ہے جس کی آئین اجازت دے۔ پاکستان درحقیقت مسائلستان بن چکا ہے، تاریخ کے بدترین اور کرپٹ حکمران 18 کروڑ عوام پرمسلط ہیں، ان سے نجات کے لئے عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا، اتحادی حکمران قوم کی محرومیوں پر سیاست کرنا بند کریں۔
 
انہوں نے کہا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ وزیر اعظم کو اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے سے نہیں روک سکتا، رمضان المبارک میں بھی لوڈ شیڈنگ کا عذاب عوام پر نازل ہے، لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بددعائیں دینے پرمجبور ہیں، سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ انہوں نے جعلی پاسپورٹ ویزا اسکینڈل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب اداروں میں کرپٹ عناصر بھرتی کیے جائیں گے تو ان سے خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی، آئے روز کوئی نہ کوئی اسکینڈل سامنے آرہا ہے، جعلی پاسپورٹ ویزا اسکینڈل پوری دنیا میں ملک قوم کی رسوائی کا باعث بنا ہے، اس گھنائونے جرم میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 182012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش