0
Friday 7 Sep 2012 19:36

اتحاد بین المسلمین کا سفر ملک سے فرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے اہم ہے، الطاف حسین

اتحاد بین المسلمین کا سفر ملک سے فرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے اہم ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ اتحادبین المسلمین کا سفر ملک بھر میں جاری رہے گا اور انشاء اللہ تمام مکاتب فکر کے علمائے حق اور عوام اپنے اتحاد سے فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کا خاتمہ کردیں گے۔ یہ بات انہوں نے نائن زیرو عزیزآباد میں ایم کیو ایم کی علماء کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ الطاف حسین نے متحدہ بین المسلمین فورم کے تحت پریس کانفرنس اور اتحادبین المسلمین کے عملی مظاہرے پر فورم کے تمام جید علمائے کرام، ایم کیو ایم کی علماء کمیٹی کے ارکان اور ایم کیو ایم کے مختلف شعبہ جات کے کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمہ اور احترام انسانیت کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ملک بھر کے تمام مسلمان، متحدہ بین المسلمین فورم کے بینرز تلے اپنے اپنے مسلک اور عقیدے پر قائم رہتے ہوئے فرقہ واریت کی بنیاد پر دہشت گردی اور قتل و غارت گری کی روک تھام کیلئے عملی کردار ادا کریں گے۔

الطاف حسین نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور احترام انسانیت کا درس دیا ہے اور میں آج بھی کہتا ہوں کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا گنہگار بندہ ہوں اور اللہ تعالیٰ اس گنہگار بندے سے احترام انسانیت کا کام لے رہا ہے جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، مجھے امید ہے کہ علمائے حق اور میرے مخلص کارکنان کی کاوشوں سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا اور پاکستان بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی فروغ پائے گی۔ الطاف حسین نے اتحاد بین المسلمین کیلئے دن رات کام کرنے پر ایم کیو ایم علماء کمیٹی سمیت ایم کیو ایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کے عزم و حوصلے اور استقامت میں اضافے کیلئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 193473
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش