0
Sunday 16 Sep 2012 03:03

مسلمانوں کے دشمن امریکہ، اسرائیل، طالبان اور القاعدہ ہیں، علامہ راحت حسین الحسینی

مسلمانوں کے دشمن امریکہ، اسرائیل، طالبان اور القاعدہ ہیں، علامہ راحت حسین الحسینی
اسلام ٹائمز۔ قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان علامہ سید راحت حسین الحسینی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سمیت پورا ملک مختلف مسائل سے دوچار ہے، مشکلات و مسائل کے حل کے لئے پوری قوم کو ملی بیداری کا ثبوت دینے کی ضرورت ہے، اگر قوم بیدار نہ ہوئی تو مزید مسائل کے گرداب میں پھنس جائیں گے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کے زیر اہتمام امامیہ مسجد گلگت میں منعقدہ بیداری تشیع کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آغا راحت حسین الحسینی نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس مذموم سازش کو کبھی بھی کامیاب ہونے نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام اور مسلمانوں کے دشمن امریکہ، اسرائیل، طالبان اور القاعدہ ہیں، طالبان اور القاعدہ کی وجہ سے اسلام پوری دنیا میں بدنام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد و اتفاق وقت کی عین ضرورت ہے۔

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ممبر مرزا حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 65 سالوں سے ہمیں سازش کے تحت تعلیم سے دور رکھا گیا اور کلرکوں کا غلام رکھا گیا ہے، 21 ویں صدی میں ہمیں ایک یونیورسٹی تو دی گئی ہے مگر وہ بھی ابھی تک نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پیکج میں خامیاں نہیں ہیں بلکہ حکمرانوں میں خامیاں ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے اختیارات استعمال نہیں کرسکتے ہیں اور موجودہ حکومت ناکامی سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی حکومت پر بھرسہ نہیں ہے اس لئے عوام کو حالات سے مقابلے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں امن و امان کا مکمل قیام اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اہلسنت سمیت تمام مسالک کے ساتھ بھائی بندی سے رہنے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس او پاکستان کے سابق مرکزی صدر عارف حسین قنبری نے کہا کہ استعماری طاقتیں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف برسر پیکار ہیں اور اسلام کو پوری دنیا میں دہشت ناک بناکر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو جگانے کے لئے خون کے قطروں کی ضرورت ہوتی ہے، غیر مقامی افراد کی وجہ سے گلگت بلتستان کے حالات خراب ہوئے ہیں۔ کانفرنس سے شیخ ارشاد حسین مصطفوی، غلام عباس و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 195753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش