0
Friday 21 Sep 2012 20:45

حرمت رسول(ص) پر خاموشی موت ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

حرمت رسول(ص) پر خاموشی موت ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیراہتمام ناصر باغ سے جی پی او چوک تک لبیک یا رسول اللہ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مال روڈ لبیک یا رسول اللہ(ص) کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔ ریلی میں امریکی، اسرائیلی صدور سمیت گستاخ فلم ساز کے پتلوں کو گدھوں پر بیٹھا کر لایا گیا۔ بعد میں پتلے نذرآتش کر کے مظاہرین نے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم حرمت رسول پر ہونیوالے حملے میں خاموشی کو موت تصور کرتے ہیں، ناموس رسالت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، ملت جعفریہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان میں پہلی شہادت ناموس رسالت پر ہم نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آج کے مسلمانوں میں جوش و خروش اور احتجاجی مظاہروں میں شدت شہید ناموس رسالت سید علی رضا تقوی اور دیگر شہیدوں کے خون کی تاثیر ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری تبلیغات علامہ ابوذر مہدوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس وقت امت مسلمہ متحد ہو چکی ہے اور نبی اکرم(ص) کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی ممالک کے سربراہان امام خمینی (رہ) کے فتوی ٰجو انہوں نے سلمان رشدی ملعون کو واجب القتل قرار دیا تھا اس کی حمایت کرتے تو آج مسلمانوں کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

مظاہرین سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امریکا سے فوراََ سفارتی تعلقات ختم کر دینے چاہئیں حکومت پاکستان کو حرمت رسول(ص) کے مقابلے میں معیشت کی پرواہ نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھوکے تو رہ سکتے ہیں لیکن حرمت رسول(ص) پہ آنچ برداشت نہیں کر سکتے، امریکا مسلمانوں کا نقصان اور دل آزاری کرنے کے تلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قیمت پر شان رسول(ص) پر گستاخی کو قبول نہیں کریں گے، چاہے ہمیں اپنی جان ہی کیوں نہ قربان کرنی پڑے۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکز ی صدر برادر اطہر عمران نے مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شان رسول(ص) میں گستاخی کرنے کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے اور وہ مسلمانوں کو مشتعل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ عوام ان گستاخوں کے خلاف احتجاجوں میں مصروف ہے اور ہمارے حکمران ان کے ممالک کی سیروتفریح میں مشغول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تمام غیر مسلم خصوصاََ امریکا سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کریں اور فلم میکر، پروڈیوسر کو مسلم امہ کے حوالے کریں تاکہ ان کے خلاف اسلامی قوانین کے تحت مقدمہ چلا کر انہیں سزا دے کر منطقی انجام تک پہنچائیں۔
خبر کا کوڈ : 197354
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش