0
Sunday 21 Oct 2012 21:04

امریکہ مسلمانوں کے جسموں سے روح محمدی (ص) نکال لینا چاہتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

امریکہ مسلمانوں کے جسموں سے روح محمدی (ص) نکال لینا چاہتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیراہتمام الحمرا ہال لاہور میں شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی کے چہلم کے موقع پر ’’لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکہ کی جنگ دین پرستوں کے ساتھ ہے، وہ انسانی معاشرہ سے دین کو چھیننا چاہتا ہے، امریکہ مسلمانوں کے جسموں سے روح محمدی (ص) نکال لینا چاہتا ہے، اس کا دیا ہوا معاشی نظام، معاشرتی نظام احکامات خدا سے خالی ہے، امریکی اپنی عیسائیت سے بھی دور ہوگئے ہیں، ان سے مقدسات حضرت عیسٰی و حضرت مریم کو چھین لیا گیا ہے، یہاں تک کہ بچوں سے ماں باپ کی محبت بھی چھین لی گئی ہے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے بعد اسلام، خدا، دین انبیاء و محبت والدین واپس لوٹا دی گئی، انقلاب اسلامی ایران ناامیدی کی تاریکیوں میں روشنی کی کرن بن گیا، اس سے ایک نیا تحرک پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم ہو یا توہین آمیز خاکے، ملعون رشدی کی ناپاک جسارت ہو یا قرآن مجید نذرآتش کیا جانا، یہ سب اسلام اور حرمت رسول (ص) کے خلاف سازشیں ہیں اور ناموس رسالت (ص) کے خلاف یہ سازش اس لئے ہے تاکہ مسلمان بھی اپنے مقدسات کی حرمت کو بھول جائیں، مگر امریکہ نہیں جانتا کہ ہم کربلائی ہیں، ہم ناموسِ رسالت (ص) پر جان دے سکتے ہیں اور دے رہے ہیں، ہماری یہ تحریک ایک شعوری تحریک ہے اور یہ انشاءاللہ جاری رہے گی۔

اس موقع پر ملی یک جہتی کونسل پنجاب کے صدر پیر عثمان نوری نے شہیدِ ناموسِ رسالت (ص) علی رضا تقوی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا تقوی ہم سب پر بازی لے گیا، ہمارا وعدہ ہے کہ ہم ہر شاتم رسول (ص) کے خلاف اٹھیں گے، اگر اس ملعون کو خاکے بنانے پر ہی سزا دے دی جاتی تو بات یہاں تک نہ پہنچتی، شریعت گستاخ رسول (ص) کو سزا دیتی ہے مگر ہمارے ملک کا قانون ہمیں اتنی اجازت نہیں دیتا کہ ہم ان کے سفارتخانوں تک جا کر اپنا پیغام پہنچا سکیں، ان تمام حالات کی وجہ ہمارا متحد نہ ہونا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری تبلیغات مولانا احمد اقبال رضوی نے کہا کہ امریکہ اور مغرب ہماری اسلامی تعلیمات کو توڑ موڑ کے ہمیں ایک غیرمہذب اور دہشت گرد قوم ثابت کرنا چاہتا ہے، اس پرآشوب دور میں شہید علی رضا تقوی کی قربانی اس بات پر دلیل ہے کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے اور دشمن غیر مہذب ہے، شہید علی رضا تقوی ایک سچا عاشقِ رسول (ص) تھا، اس دورِ پرآشوب میں جب مظاہروں کے خلاف فتاویٰ جاری کئے جا رہے تھے، اس وقت اس شہید نے اپنے خون سے اس تحریک کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے ڈکٹیٹرز کو سپورٹ کرتا رہا ہے، بیداری کی موجودہ لہر میں ہمیں دیکھنا ہوگا کہ انقلابات میں نئی حکومتوں کا رویہ کیا ہے اور عوام کا رویہ کیا ہے، امریکہ کی ہر سازش اس کی طرف پلٹے گی۔
 
سیکرٹری تحفظ ناموسِ رسالت محاذ محمّد علی نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جس نے حسینیوں میں سکوت کو توڑا ہے، آج امت رسول (ص) کو ایک ہونے کی ضرورت ہے، امریکہ کو دشمن جاننا اور سمجھنے والے ہر شخص کو قابل تکریم سمجھتا ہوں، ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہے، ہمیں اپنی صفوں میں بیٹھے دشمنوں سے بھی لڑنا ہے۔ محمد علی نقشبندی نے کہا کہ دنیا کے 57 ممالک میں بیٹھے زنخے حکمران کیا کر رہے ہیں۔

میڈیا طاغوتی میڈیا ہے، میڈیا نے توڑ پھوڑ کرنے والے چند افراد کو بار بار دکھایا مگر کروڑوں پرامن مظاہرین سے نگاہیں چرا لیں، میڈیا مفادات کی جنگ لڑ رہا ہے، آج حرمت رسول(ص) کے دعویدار وہ لوگ بن بیٹھے ہیں جو حرمت رسول کے قائل نہیں، آج امام کعبہ کہاں ہیں، آج اجمل نیازی نے ’’نوائے وقت‘‘ اخبار میں اپنے کالم میں ہرزہ سرائی کی ہے، جس کی میں مذمت کرتا ہوں، ہم رسمی نعرے نہیں لگاتے، ہم واقعی حرمت رسول(ص) پر جان دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم کفر مفادات پر جمع ہے، ہمیں بھی حرمت رسول (ص) پر اکٹھا ہو جانا چاہئے، ہمیں کردار سے بتانا ہے کہ ہم محمد عربی (ص) کے ماننے والے ہیں۔ 

ضلعی صدر ملی یکجہتی کونسل امیرالعظیم نے کہا کہ امریکہ نہیں جانتا کہ ہمارا اصل سرمایہ ہماری سڑکیں نہیں، نیوکلیر پاور نہیں، ہمارے جوان ہیں جو بیدار ہیں، استعمار سمجھتا تھا کہ ہمارے اکابرین، امام خمینی جیسے بزرگ صرف کتابوں میں بند ہو جائیں گے، وہ نہیں جانتے تھے کہ یہ کتنا بڑا انقلاب آئے گا، پوری دنیا میں استعمار مایوس ہو رہا ہے، علی رضا تقوی نے یہ ثابت کر دیا کہ استعمار کے خلاف جنگ ہم لڑیں گے، وہ نہیں جو مراعات کی خاطر لڑ رہے ہیں۔ امیر العظیم نے کہا کہ امت کی نگاہیں ملوکیت کے کفن میں لپٹے خادمین حرمین شریفین کی طرف ہیں کہ وہ کب جاگیں گے، شاید وہ تب جاگیں گے جب وہاں بھی رضا تقوی جیسے عظیم عاشقان رسول (ص) پیدا ہوں گے۔
 
کانفرنس سے خطاب میں حیدر علی مرزا نے کہا نبی رحمت کا تعارف امام حُسین (ع) کے قربانی سے ہوا، ہمیں امریکہ کے ساتھ ساتھ اس کے گماشتوں، سپاہِ صحابہ، لشکر جھنگوی اور تکفیریوں کو بھی اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں، نظامِ اسلام امامِ حُسین (ع) کے صدقے میں ہے، یامحمّد (ص) کے نعرے کے بانی امامِ مظلوم اور ان کا خاندان تھا، جنہوں نے کوفہ و شام کے بازاروں میں اسلام بچایا اور یزید کا پردہ چاک کیا۔ حیدر علی مرزا نے کہا کہ ہم آج حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری قوم کے غیور نوجوانوں کے قاتلوں کو گرفتار کرے، اپنی صفوں سے رانا ثناءاللہ جیسی کالی بھیڑوں کو نکال باہر کرے۔
 
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر شیرازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ دشمن یہ چاہتا ہے کہ مسلمانوں کو تقسیم در تقسیم کیا جائے، لیکن تمام امت مسلمہ حرمت رسول (ص) کے تحفظ کے لئے متحد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی زمانہ سوچ رہا تھا کہ مجرم کون ہے، شیعہ قوم نے درک کیا اور بتا دیا کہ اصل دشمن شیطان بزرگ امریکہ اور اس کی اولاد اسرائیل ہے۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ کراچی میں 17 ستمبر کے حالات بتا رہے تھے کہ لاٹھی بھی چلے گی اور گولی بھی کھانی پڑے گی، زخم بھی ملیں گے، تکلیف بھی ہوگی لیکن شیعیان علی نے ان حالات کی پرواہ کئے بغیر سب کچھ برداشت کیا اور شہید علی رضا تقوی کی قربانی دی۔
 
کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تبلیغات مولانا ابوذر مہدوی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء مبارک علی موسوی، آئی او کے سابق چیئرمین برادر افسر رضا خان، مولانا حسنین عارف اور دیگر عمائدین ملت شریک تھے۔ کانفرنس میں خواتین کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 205469
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش