0
Friday 9 Nov 2012 21:43

ملک میں جاری ٹارگٹ کلنگ محرم الحرام میں امن سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،اطہر عمران

ملک میں جاری ٹارگٹ کلنگ محرم الحرام میں امن سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،اطہر عمران
اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی لہر محرم  الحرام کے امن کو سبوتاژ کرنے کی امریکی و اسرائیلی سازش ہے جس کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے سابق جنرل سیکرٹری اور معروف سکالر سعید حیدر زیدی کی شہادت بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں آغا آفتاب حیدر اور ان کے ساتھی کی شہادت کے بعد دو دنوں میں اب تک 9 شیعہ افراد کو شہید کر دیا گیا ہے۔ اظہر عمران نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں امن قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور دہشت گرد کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں اور ان کو کو ئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مظاہرہ کرنیوالے پرامن تھے اور اپنے مطالبات گورنر تک پہنچانے کے لئے جانا چاہتے تھے لیکن ان پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی جو قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کے عظیم رہنماؤں کا قتل پاکستان کا قومی نقصان ہے، دشمن پاکستان کے دانشوروں، ڈاکٹروں اور انجینئرز سمیت پروفیسرز اور دیگر اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں محرم الحرام میں بدامنی کی منصوبہ بندی کر چکی ہیں افسوس اس بات کا ہے کہ وزیر داخلہ دہشت گردوں کے منصوبوں سے تو آگاہ ہیں ان کے ٹھکانوں کیخلاف کارروائی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہ رکی تو ملت تشیع راست اقدام پر مجبور ہو جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہادت ہمارے لئے باعث افتخار اور ہمارے حوصلوں کو بلند کرتی ہے لیکن حکومتی بے حسی پر ماتم کرنے کو جی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردوں کو لگام نہ دی گئی تو محرم کے آغاز میں ہی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کر دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 210554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش