0
Tuesday 13 Nov 2012 21:39

عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے جس کیلئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں،علامہ اسدی

عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے جس کیلئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں،علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے پنجاب میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورت حال پر غور کے لئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے اور تمام مکاتب فکر کی باہمی ہم آہنگی کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں ایس ایس پی لاہور سہیل سکھیرا، ایس پی معروف واہلہ، ایس پی عبدالقادر، حیدر علی مرزا، پولیس افسران، بانیان مجالس اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔ انتظامیہ میں تفصیلی طور پر امن وامان اور مجالس عزا کے اجتماعات، جلوس کے روٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شیعہ قوم کی واحد مذہبی و سیاسی جماعت ہے جو میدان عمل میں ملکی ترقی اور ملت اسلامیہ کے تشخص کی پاسداری کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں اور ہمارا منشور ہے کہ تمام مکاتب فکر باہمی روابط اور ہم آہنگی کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ استعمار اور طاغوتی طاقتوں کی سازشوں سے ہمیں آگا ہونا چاہیے وہ اس ملک میں فرقہ واریت، دہشت گردی، شدت پسندی کو ہوا دے کر اپنے مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں۔

علامہ اسدی نے کہا کہ کراچی سے لے کر خیبر تک اور کوئٹہ سے گلگت بلتستان تک دہشت گردی کے واقعات اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ ہمارے کارکنان بھرپور تعاون کریں گے اور انتظامیہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ مختلف علاقوں کی نئی آبادیوں میں اہل تشیع گھرانوں کو چار دیواری کے اندر مجالس کیلئے انتظامیہ مقامی تھانے سے اجازت لینے پر مجبور نہ کرئے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور قانون کے مطابق ہر شہری کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے مذہبی رسومات آزادی سے ادا کرے اور اس کے لئے کسی اجازت کی ضرورت نہ ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی سہیل سکھیرا نے کہا کہ انشاء اللہ انتظامیہ محرم الحرام کے ایام کو پرامن طریقے سے منانے میں بھرپور کرادر ادا کرے گی اور ہر قسم کے تعاون اور شرپسند عناصر کی سرکوبی میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کی انتظامیہ اپنے رضاکاروں کو بھی جلوس میں چوکس رکھے ان کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے نبھائی گے اور ہم اپنے باہمی تعاون سے ہی دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 211619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش